فیول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف کانگریس کا آج سے احتجاج

   

مہم میں شامل ہونے عوام سے راہول گاندھی کی اپیل

نئی دہلی۔ کانگریس پارٹی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بنایا ۔ پارٹی نے اس کے خلاف ملک کے ہر بلاک میں 30 جون سے پانچ دنوں تک احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام پر زور دیاکہ وہ کانگریس کی مہم میں شامل ہوجائیں۔ اپنے ٹوئٹ میں راہول نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا اُنھوں نے بتایا کہ ایک دن کے وقفہ کے بعد آئیل مارکٹنگ کمپنیوں نے پیر کو پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ۔ راہول گاندھی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا جس میں ایک شخص یہ کہہ رہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے حکومت عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے ۔ جبکہ کورونا وائرس کی وباء اور چین کے ساتھ کشیدگی کے درمیان عوام یا تو بیروزگار ہیں یا اُنھیں تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔ مرکزی حکومت نے عوام کو اُن کے حال پر چھوڑ دیا ہے ۔ گزشتہ 21 دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے ملک کو لوٹا جارہا ہے ۔ غریب اور متوسط طبقہ کے افراد بے یار و مددگار ہوگئے ہیں۔ راہول نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عوام پر زور دیاکہ وہ اس کے خلاف اپنی آواز بلند کریںتاکہ اُن کی آواز حکومت کے کانوں تک پہونچ سکے۔