قرض کی واپسی میں ٹال مٹول پر ایک شخص کا قتل

   

حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) قرض ادا کرنے میں ٹال مٹول پر برہم ساتھیوں نے ساتھی کا قتل کردیا۔ صنعت نگر علاقہ میں یہ واردات پیش آئی جہاں34 سالہ نلیش مدھوکر راؤ کا اس کے ساتھیوں مہیش اور راؤ صاحب نے قتل کردیا۔ راستہ روک کر درمیان سڑک قتل کرتے ہوئے سنسنی پھیلادی۔ پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے قاتلوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نلیش امراوتی علاقہ کا متوطن تھا جو گذشتہ چند عرصہ سے فتح نگر علاقہ میں رہتا تھا۔ یہ تمام ساتھی علحدہ کمروں میں رہتے تھے جو کیٹرنگ کا کام کرتے ہیں۔ مہیش اور نلیش ایک ساتھ رہتے تھے جو چند دن پہلے علحدہ ہوگئے ۔ اس دوران مہیش نے نلیش کو 16 ہزار روپئے قرض دیا تھا اور قرض کی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کررہا تھا۔ رقم دینے میں ٹال مٹول سے مہیش برہم ہوگیا اور اپنے ساتھی راؤ صاحب کے ہمراہ نلیش کا قتل کردیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع