قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کا خفیہ دورہ حیدرآباد!

   

خصوصی طیارے میں آمد، بغیر سیکوریٹی کے چھوٹی کار میں سفر، 3 گھنٹے شہر میں قیام
پولیس اور انٹلی جنس بھی دورے سے لاعلم، دورہ کے پیچھے ٹھوس وجوہات ہونے کی قیاس آرائیاں

حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے حیدرآباد کا خفیہ دورہ کیا ہے جس کی ریاستی پولیس اور انٹلی جنس کو بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اجیت دوول خصوصی طیارہ کے ذریعہ حیدراباد پہنچے بغیر کسی سیکوریٹی کے عام شہری کی طرح ایک چھوٹی کار میں انہوں نے سفر کیا ساتھ ہی چند اہم شخصیتوں سے ملاقات کرنے کا بھی علم ہوا ہے۔ تقریباً تین گھنٹوں تک وہ حیدرآباد میں رہے اس کے بعد خصوصی طیارہ کے ذریعہ دہلی روانہ ہوگئے۔ قومی سلامتی مشیر نے حیدرآباد کا دورہ کیوں کیا؟ اور دورہ کو خفیہ رکھنے کی وجہ کیا ہے؟ انہوں نے کس سے ملاقات کی؟ وہ کس مشن کے تحت حیدرآباد آئے تھے؟ ان تمام سوالات پر راز کے پردے پڑے ہوئے ہیں۔ قومی سلامتی مشیر اجیت دوول خفیہ آپریشن کرنے کے معاملے میں کافی شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پڑوسی ملک پاکستان میں بھکاری کے بھیس میں طویل عرصہ تک روپوش رہے کر جاسوسی کرتے ہوئے ہندوستان کو اہم معلومات فراہم کی تھیں۔ یہاں تک کہ جب دہشت گرد امرتسر کے گولڈن ٹمپل میں گھس گئے تھے تب وہ رکشہ والے کے بھیس میں وہاں گئے اور سیکوریٹی عہدیداروں کو صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔ ہندوستان کی داخلی سلامتی کے لئے دوول نے کئی بڑے آپریشنس کئے ہیں۔ امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ ان کے دورہ کے پیچھے بھی کوئی ٹھوس وجہ ضرور ہوگی۔ حال ہی میں حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں پاپلر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے چند کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حالیہ دنوں میں مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کی تلنگانہ میں اچانک سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ اس تناظر میں بھی قومی سلامتی مشیر کے خفیہ دورہ کو دیکھا جارہا ہے۔ اجیت دووڈ نے گزشتہ سال نومبر میں حیدرآباد کا سرکاری طور پر دورہ کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے نیشنل پولیس اکیڈیمی میں آئی پی ایس آفیسرس کی پاسنگ اوٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی اور کیڈس سے سلامی لی تھی۔ تاہم اس بار انہوں نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے دورہ کیا ہے۔ کیا ان کے دورہ کے پیچھے کوئی داخلی سلامتی کا مسئلہ درپیش ہے۔ اس پر پولیس حلقوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ ن