موٹر سائیکل سارقوں کی ٹولی کے دو ارکان گرفتار

   

مسروقہ 20 لاکھ مالیتی موٹر سائیکلیں ضبط،ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : /29 ستمبر (سیاست نیوز) موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والی ایک ٹولی کے دو ارکان کو ساؤتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس جی چکراورتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 20 سالہ سید طالب ساکن فلک نما اور 20 سالہ صمد صدر ساکن تالاب کٹہ کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 20 لاکھ روپئے مالیتی 13 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ جبکہ اس ٹولی کے دیگر دو اراکین قدوس ساکن بنڈلہ گوڑہ اور عقیل ساکن شاستری پورم مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹاسک فورس ساؤتھ زون کے انسپکٹر راگھویندرا نے کارروائی انجام دی اور دو سارقین کو گرفتار کرلیا ۔ طالب جو پیشہ سے ویلڈر ہے اس کی دوستی قدوس سے ہوئی ۔ بری عادتوں کا شکار ہونے کے بعد خاطر خواہ آمدنی نہ ہونے پر انہوں نے منصوبہ تیار کیا اور مہنگی موٹر سیکلوں کا سرقہ کرنے لگے ۔ دونوں نے9 موٹر سائیکلوں کا سرقہ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے راجو کنٹہ حیدرآباد اور سائبر آباد میں وارداتیں انجام دینے لگے ۔ موٹر سیکل کا سرقہ کرنے کے بعد ان مسروقہ موٹر سیکلوں کا وہ عقیل کے یہاں فروخت کرتے تھے ۔ ان دونوں کی گرفتاری سے پولیس نے 9 مقدمات کی یکسوئی کرلی ۔ چارمینار ، ہمایوں نگر ، کتور ، حسینی علم ، آصف نگر شمس آباد ایرپورٹ ، راجندر نگر ، پنجہ گٹہ اور رائے درگم میں ان کے خلاف مقدمات درج ہیں ۔ جبکہ صمد نے 4 وارداتیں انجام دیں ۔ چندرائن گٹہ پولیس حدود میں ایک اور ایل بی نگر پولیس حدود میں 3 وارداتیں شامل ہیں ۔ صمد پیشہ سے الیکٹریشن ہے ۔ پولیس نے مزید تحقیقات کرلیا ہے ۔ اس موقع پر سب انسپکٹرس ، نریندر ، سری سیلم ، نرسملو اور شیخ برہان و دیگر موجود تھے ۔ ع