آر ٹی سی ملازمین کے گرانی الاؤنس میں 2.1 فیصد اضافہ

   

پونم پربھاکر کا اعلان ۔جنوری سے عمل آوری ، آر ٹی سی پر سالانہ 2.82 کروڑ کا اضافی بوجھ
حیدرآباد ۔10۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کے لئے گرانی الاؤنس میں 2.1 فیصد اضافہ کا اعلان کیا۔ آر ٹی سی ملازمین کی مہنگائی بھتہ کو 50.7 فیصد سے بڑھاکر 52.8 فیصد کیا گیا ہے اور نظرثانی شدہ ڈی اے پر یکم جنوری 2026 سے عمل آوری ہوگی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے بقایہ جات آئندہ تین ماہ کے ضمنی بلز کے ساتھ ادا کئے جائیں گے۔ ڈی اے میں اضافہ کے نتیجہ میں آر ٹی سی پر ماہانہ 2.82 کروڑ کا اضافی بوجھ عائد ہوگا۔ جولائی 2025 میں حکومت نے ڈی اے میں 2.1 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے 48.6 فیصد کو بڑھاکر 50.7 فیصد کیا تھا۔ مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آر ٹی سی وی ناگی ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ نے مجموعی ڈی اے کو 52.8 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پونم پربھاکر اور ناگی ریڈی نے آر ٹی سی ملازمین کو مبارکباد پیش کی۔ آر ٹی سی کے سینئر عہدیداروں نے ڈی اے میں اضافہ کیلئے ریاستی وزیر سے اظہار تشکر کیا۔ پونم پربھاکر نے ریجنل مینجرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ترقیاتی کاموں اور زیر التواء پراجکٹس کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام زیر التواء کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ ڈی اے میں اضافہ کے فیصلہ کے بعد جنوری سے بقایہ جات کو آئندہ تین ماہ میں اقساط میں جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آر ٹی سی کے تحفظ اور ملازمین کی بھلائی میں سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے آر ٹی سی کو خسارہ سے منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔انتخابات سے قبل ملازمین سے جو وعدے کئے گئے ، ان کی تکمیل کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کی خدمات کو مزید توسیع دی جائے گی۔ اسی دوران آر ٹی سی ملازمین نے ڈی اے میں اضافہ کا خیرمقدم کیا۔1/k/y