…… اترپردیش اسمبلی انتخابات ……سیٹوں کی تقسیم پر سماجوادی پارٹی اور کانگریس میں آج بات چیت

,

   

نئی دہلی۔22؍نومبر ( ایجنسیز ) اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2027 کیلئے سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کے لیے کل سے دہلی میں دو روزہ میٹنگ ہونے جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں میں یوپی اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں یہ پہلی میٹنگ ہوگی جو 23 اور 24 نومبر کو منعقد ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس بات چیت میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے سینئر رہنما شرکت کریں گے۔ میٹنگ کا بنیادی ایجنڈا نشستوں کی تقسیم کے فارمولے پر تبادلۂ خیال کرنا ہوگا۔ادھر اترپردیش کانگریس کی صدر آرادھنا مشرا مونا نے جمعہ کو کہا تھا کہ ان کی پارٹی 2027 کے اسمبلی انتخابات میں محض حصہ لینے کیلئے نہیں بلکہ حکومت بنانے کے مقصد سے میدان میں اترے گی۔آئندہ انتخابات کی تیاریوں اور تنظیمی جائزے کی مہم کے بارے میں بات کرتے ہوئے آرادھنا مشرا نے پارٹی میں اندرونی اختلافات کی خبروں کو مسترد کیا اور کہا کہ کانگریس کارکنوں میں زبردست جوش و جذبہ ہے۔ ان کے مطابق، وہ ہر ضلع کے نمائندوں سے ملاقات کرکے تنظیمی صورت حال کا جائزہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد تنظیم کو مضبوط بنانا ہے تاکہ 2027 میں انڈیا اتحاد اتر پردیش میں حکومت تشکیل دے سکے۔کانگریس رہنما سپریہ شرینیت نے بھی جمعہ کو ایس پی اور کانگریس کے درمیان انتخابی اتحاد ہونے پر اعتماد ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کی ذمہ داری جن رہنماؤں کو دی گئی ہے وہ آنے والے دنوں میں ملاقات کریں گے اور دونوں جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم کا مناسب معاہدہ طے پائے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 2027 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست میں سیاسی جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ سماجوادی پارٹی 2017 اور 2022 کے اسمبلی انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد 2027 میں دوبارہ سیاسی طور پر مضبوط واپسی کی کوشش کر رہی ہے۔ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں ایس پی نے 347 نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے تھے جن میں سے 111 پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کانگریس نے 399 نشستوں پر انتخاب لڑا تھا اور اسے صرف دو سیٹیں ملی تھیں۔ اس کے برعکس 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں دونوں جماعتوں نے انڈیا اتحاد کے تحت مل کر انتخاب لڑا۔ اس دوران سماجوادی پارٹی نے 62 میں سے 37 نشستیں جیتیں جبکہ کانگریس نے 17 میں سے 6 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ اتر پردیش اسمبلی میں مجموعی طور پر 403 نشستیں ہیں۔ 2027 کے انتخابات میں بی جے پی اور سماجوادی پارٹی کے درمیان اہم مقابلے کی توقع ہے جبکہ کانگریس بھی ریاست میں اپنا سیاسی دائرہ وسیع کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ایس پی) نے مذاکرات کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو، ریاستی صدر شیام لال پال اور رکن پارلیمنٹ راجیو رائے اور اقرا چودھری کو شامل کیا گیا ہے۔