اسمبلی کا 18 و 19 جولائی کو خصوصی اجلاس

,

   

نئے بلدی قوانین کی منظوری کے بعد ایوان کی کارروائی غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی ہوگی

حیدرآبا۔11جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا دو روزہ خصوصی اجلاس 18اور 19 جولائی کو منعقد ہوگا جبکہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کا ایک روزہ خصوصی اجلاس 19 جولائی کو منعقد ہوگا لیکن ان اجلاس میں صرف ریاست کے نئے بلدی قوانین کو منظوری دی جائے گی۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق 18جولائی کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں نئے بلدی ایکٹ کو منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا جبکہ ایک یوم اس پر مباحث کے بعد منظور کرلیا جائے گا علاوہ ازیں 19جولائی کو تلنگانہ قانون ساز کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا جہاں تلنگانہ کے نئے بلدی قانون کو منظوری دی جائے گی۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل کا یہ اجلاس خصوصی ہوگا اور اس اجلاس کے دوران کسی اور موضوع پر مباحث یا سوال جواب نہیں ہوں گے بلکہ بلدی قوانین کو منظوری کے بعد یہ اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق حکومت نے نئے بلدی قانون کا مسودہ تیار کرلیا ہے اور اسے محکمہ قانون کو روانہ کردیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ اسمبلی و قانون ساز کونسل کے اس خصوصی اجلاس میں اس قانون کے مسودہ کو منظوری دیتے ہوئے قانون کی شکل دی جائے گی اور اس کے بعد ہی ریاست میں ماہ اگسٹ کے پہلے ہفتہ میں بلدی انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے بعد یہ دوسرا اجلاس ہوگا جبکہ پہلے اجلاس کے دوران تعارف اور منتخبہ ارکان اسمبلی کی حلف برداری ہوئی تھی اور اب یہ اجلاس جو ک دوسرا ہوگا یہ بھی صرف خصوصی اجلاس ہے جس میں نئے بلدی قوانین کے منصوبہ کو منظوری دینے کیلئے منعقد کیا جا رہاہے۔