طلبہ کے حقوق کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ، حکومت اس فیصلہ کو فوری واپس لے ۔ کے کویتا کا متحدہ جدوجہد کا انتباہ
نظام آباد۔18نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ رکشنا سینا کی چیف کلواکنٹلہ کویتا نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کو ختم کرنے سے متعلق ریاستی حکومت کے فیصلہ کی شدید مخالفت کی اور کہا کہ اس فیصلہ سے تلنگانہ کے لاکھوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں مقامی ہونے کے حقوق کے معاملے میں بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس غلط فیصلہ کو فوری طور پر واپس لے بصورت دیگر تمام سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، اساتذہ اور دیگر متعلقہ تنظیموں کے ساتھ مل کر متحدہ تحریک شروع کی جائے گی۔حیدرآباد کے سوماجی گوڑہ میں ’’انٹر بورڈ کی منسوخی اور تلنگانہ کی تعلیم پر اس کے اثرات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ گول میز کانفرنس کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی تعلیمی شعبہ کے معاملے میں انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال جب چیف منسٹر نے انٹرمیڈیٹ بورڈ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تو عہدیداروں نے اس کے برعکس داخلے جاری رکھنے کی بات کہی تھی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ریاست میں چیف منسٹر اور اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان بھی تال میل کا فقدان ہے۔ اس وقت حکومت کے فیصلہ سے دستبردار ہونے کا تاثر ملا تھالیکن اب چیف منسٹر دوبارہ انٹر بورڈ ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 55 سال سے قائم تعلیمی نظام کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کی کوشش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے اہم معاملے میں دانشوروں اور ماہرین تعلیم کی خاموشی بھی سماج کے لئے مناسب نہیں ہے کیونکہ اس فیصلہ کے اثرات لاکھوں طلبہ کے مستقبل پر مرتب ہوں گے۔کویتا نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کے تعلیمی نظام کی بدولت ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ ایک طرف راہول گاندھی پسماندہ طبقات کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف چیف منسٹر ریونت ریڈی کارپوریٹ تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے فیصلے کر رہے ہیں جن سے ان ہی طبقات کے طلبہ تعلیم سے محروم ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی پالیسی کو نافذ کرنے سے پہلے اس بات کے ٹھوس شواہد ہونے چاہئیں کہ اس سے عوام کو فائدہ ہوگا یا نقصان۔ آندھرا پردیش میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کو اسکولی تعلیم میں ضم کرنے کا تجربہ ناکام ثابت ہوا ہے جبکہ مہاراشٹرا میں دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے الگ الگ بورڈ کامیابی کے ساتھ چلائے جا رہے ہیں۔ جب ہمارے سامنے آندھرا پردیش کے تجربے کا نتیجہ موجود ہے تو پھر تلنگانہ میں اسی طرح کا تجربہ کرنے کی کیا ضرورت ہے؟کویتا نے سوال کیا کہ کیاحکومت نے اس معاملہ میں فیصلہ کرنے سے پہلے کن سیاسی جماعتوں، دانشوروں، لکچررس، اساتذہ اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی ہے؟ حکومت کو چاہئے کہ پہلے سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرے اور تعلیمی معیار بہتر بنائے تاکہ طلبہ سرکاری اسکولوں کی جانب راغب ہوں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت نے کم فیس والے پرائیویٹ اسکولوں کے انتظامیہ سے بھی مشورہ کیا ہے یا صرف چند مخصوص اداروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے یکطرفہ فیصلے کئے جا رہے ہیں؟کویتا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ چندرا بابو نائیڈو کے شاگرد کی طرح فیصلے کرتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ آندھرا پردیش کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے تلنگانہ کے طلبہ کے مقامی حقوق کو داؤ پر تو نہیں لگایا جا رہا ہے؟انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر تعلیمی اداروں کو نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت تک تعلیم فراہم کرنے کی اجازت دی جاتی ہے تو آندھرا پردیش کے طلبہ املاپورم میں داخلہ حاصل کرکے تلنگانہ میں امتحانات لکھنے کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے مقامی طلبہ کو مقامی حیثیت اور اس سے وابستہ حقوق کے معاملے میں نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔