چینائی : وکٹ کیپر رشبھ پنت (91) اور چتیشور پجارا (73) کی شاندار اننگز کی باوجود ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ میں فالوآن بچانے کے لئے جدوجہد کرنی پڑرہی ہے ۔ ہندوستان نے انگلینڈ کے 578 رن کے بڑے اسکور کے جواب میں آج تیسرے دن کھیل کے اختتام تک چھ وکٹوں کے نقصان پر 257 رن بنالئے ہیں۔ ہندوستان ابھی پہلی اننگز میں 321 رن پیچھے ہے اور فالوآن بچانے کے لئے اسے ابھی 121 رن بنانے ہیں جبکہ اس کے چار وکٹ محفوظ ہیں۔ انگلینڈ نے اپنی اننگز کو صبح آٹھ وکٹ پر 555 سے آگے بڑھانا شروع کیا اور اس کی پہلی اننگز 578 رنز پر ختم ہوئی۔ ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور ٹیم نے دونوں سلامی بلے بازوں روہت شرما اور شبھمن گل کا وکٹ جلد ہی گنوا دیا ۔ کپتان وراٹ کوہلی اور نائب کپتان اجنکیا رہانے بھی جلد ہی آوٹ ہوگئے ۔پجارا اور پنت نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا حالانکہ سنچری سے 9 رن دور پنت نے خراب شاٹ کھیل کر اپنا وکٹ گنوایا۔ پنجارا نے پنت کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 119 رن جوڑ کر ہندوستان کو سنبھالنے کی کشش کی لیکن ڈومنک بیس نے پجارا کو روری برنس کے ہاتھوں کیچ کراکراس ساجھیداری کو توڑ دیا۔ پجارا نے 143 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 73 رن بنائے جبکہ پنت نے صرف 88 گیندوں پر 91 رن کی اننگز میں نو چوکے اور پانچ چھکے لگائے ۔ روہت 6 رن، گل 29 اور رہانے ایک رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ اسٹمپس کو وقت واشنگٹن سندر 68 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 33 اور ری چندرن اشون 54 گیندوں میں آٹھ رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے آف اسپنر ڈومنک بیس نے 23 اوور میں 55 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیزگیندباز جوفراآرچر نے 16 اوور میں 52 رن پر دو وکٹیں اپنے نام کیں۔