تمام 15 اسمبلی حلقہ جات میں رہنمائی کے انتظامات، عوام سے استفادہ کی اپیل
حیدرآباد 28 اپریل (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم ایس آئی آر کے لئے 15 اسمبلی حلقہ جات میں ہیلپ ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن نے اسمبلی حلقہ جات میں ہیلپ ڈیسک اور میاپنگ سے متعلق رہنمائی کے کیمپس کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اسمبلی حلقہ جات کے تحت ہیلپ ڈیسک سے رجوع ہوکر میاپنگ کے کام کی تکمیل کریں۔ آر وی کرنن نے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایس آئی آر میاپنگ کا جائزہ لیا۔ اِس سلسلہ میں بوتھ لیول آفیسرس کو روزانہ 100 رائے دہندوں کی تفصیلات حاصل کرنے جبکہ سوپروائزر کو 1000 رائے دہندوں کی تفصیلات درج کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ میاپنگ کا کام 5 مئی تک مکمل کرلیا جائے گا۔i/kV/1