نئی دہلی، 2اگست (یو این آئی) ہندوستان کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اگست میں سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کریں گے ۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے انہیں بائیں گھٹنے کی مکمل صحت یابی تک مقابلہ جاتی کرکٹ سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ان کی جگہ ابھی کسی کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ بمراہ نے 16جولائی کو کارڈف میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ونڈے میچ کے بعد سے کوئی مقابلہ نہیں کھیلا۔ لارڈز میں کھیلے گئے آخری ونڈے سے بھی وہ فیلڈنگ کے دوران گھٹنے پر لگنے والی چوٹ کے باعث باہر ہو ئے تھے۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ سیریزکے اختتام کے بعد بی سی سی آئی کی طویل مدتی فٹنس منصوبہ بندی کے تحت بمراہ کے گھٹنے میں انجکشن لگایا گیا تھا۔ وہ اس ہفتے بنگلورو میں واقع بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسیلنس پہنچے ، جہاں ان کے فٹنس ٹسٹ کیے گئے ۔ میڈیکل ٹیم کی رائے ہے کہ اگر وہ فوری طور پر بولنگ شروع کرتے ہیں تو چوٹ مزید سنگین ہو سکتی ہے ، جس کے نتیجے میں انہیں طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہنا پڑ سکتا ہے ۔بمراہ اس سال مارچ میں بھی آئی پی ایل سے قبل فٹنس جانچ کے لیے سنٹر آف ایکسیلنس گئے تھے ۔ انہوں نے آئی پی ایل میں13 میچ کھیلے ، تاہم ممبئی انڈینس کے آخری میچ میں حصہ نہیں لیا تھا۔
ٹیم میں واپسی اب میری منزل نہیں:کمار
نئی دہلی،2 اگست (آئی اے این ایس) ہندوستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے کہا ہے کہ ٹیم میں دوبارہ واپسی اب ان کی بنیادی ترجیح نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی ٹیم سے باہر اپنی زندگی کے ساتھ مکمل طور پر مطمئن ہیں اور اب صرف کرکٹ سے محبت کی خاطر کھیل رہے ہیں۔ 36 سالہ بھونیشور نے آخری مرتبہ 2022 کے آخر میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ وہ اب تک 21 ٹسٹ، 121 ایک ونڈے اور87 ٹی20 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔ آئی پی ایل 2026 میں چمپئن بننے والی رائل چیلنجرز بنگلورو ٹیم کے رکن رہنے والے بھونیشور نے کہا ہے کہ چونکہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کا خواب پہلے ہی پورا کر چکے ہیں، اس لیے اب خودکو ثابت کرنے کا کوئی دباؤ محسوس نہیں کرتے۔ انہوں نے آر سی بی پوڈکاسٹ میں کہا، میں آئی پی ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ صرف اس لیے کھیلتا ہوں کیونکہ مجھے اس کھیل سے محبت ہے۔ جب آپ نوجوان ہوتے ہیں اور ہندوستان کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں تو آپ کہتے ہیں کہ آپ کو کرکٹ سے محبت ہے، لیکن اب میں واقعی ان باتوں کو محسوس کرتا ہوں کہ صرف اپنے قابو میں موجود چیزوں پر توجہ دو، زیادہ نہ سوچو اور کھیل سے لطف اٹھاؤ۔میں پہلے ہی ہندوستان کے لیے کھیل چکا ہوں۔