بنگال کو ایک لاکھ کروڑ کا نقصان : ممتا بنرجی ۔ وزیراعظم نے دیئے 1ہزار کروڑ

,

   

مغربی بنگال کی 60 فیصد آبادی متاثر ، چیف منسٹر کا اندازہ ۔ اڈیشہ کے نقصان کی پابجائی کیلئے500کروڑ روپئے کی مرکزی امداد

کولکتہ / بھوبنیشور ۔ /22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج طوفان سے متاثرہ مغربی بنگال اور اڈیشہ کا فضائی سروے کرنے کے بعد دونوں ریاستوں کیلئے عبوری اعانت کے طور پر 1500 کروڑ روپئے کا اعلان کیا ۔ وزیراعظم نے مغربی بنگال اور اڈیشہ دونوں کے وزرائے اعلیٰ ممتابنرجی اور نوین پٹنائک کے ساتھ مابعد طوفان صورتحال کا جائزہ لیا ۔ طوفان کی دو روزہ تباہی نے خاص طور پر بنگال میں گہرے نقوش چھوڑے ہیں ۔ اس تباہی کو برسہا برس کا بدترین نقصان بتایا جارہا ہے ۔ ممتابنرجی نے دعویٰ کیا ہے کہ سائیکلون امفان قومی تباہی سے کہیں زیادہ بڑا سانحہ ثابت ہوا ہے کیونکہ مغربی بنگال کی 60 فیصد آبادی متاثر ہوگئی ۔ چیف منسٹر کا اندازہ ہے کہ بنگال کو جہاں 80 سے زائد افراد فوت ہوگئے اور ہزارہا بے گھر ہوئے ہیں ، 1 لاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ کے نقصانات ہوئے ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم مودی کے ساتھ فضائی سروے میں حصہ لیا ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ بحران کے اس وقت میں سب کو مل جلکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال کے بیان کی روشنی میں مرکزی حکومت کی طرف سے جائزہ اجلاس کے بعد ریاست کیلئے 1ہزار کروڑ روپئے کی پیشگی عبوری اعانت بہت معمولی معلوم ہورہی ہے ۔ ممتابنرجی نے شکوے کے انداز میں کہا کہ وزیراعظم نے ایک ہزار کروڑ کے ایمرجنسی فنڈ کا اعلان کیا ۔ پیاکیج کس نوعیت کا ہے انہیں نہیں معلوم ۔ انہوں نے وزیراعظم کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا ہے ۔ مجموعی صورتحال کا پوری طرح اندازہ لگانے کچھ وقت درکار ہوگا لیکن نقصان زائد از 1لاکھ کروڑ روپئے کا معلوم ہوتا ہے ۔

ممتابنرجی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو 53 ہزار کروڑ روپئے کے تعلق سے یاددہانی کرائی جو مرکزی حکومت مختلف سوشیل سکیورٹی اسکیمات کے سلسلہ میں ریاست کو واجب الادا ہیں ۔ اگر یہ فنڈس مرکز سے ہمیں ملتے ہیں تو ہم فوری بازآبادکاری کام شروع کرسکتے ہیں ۔ مغربی بنگال کے 7 اضلاع جنوبی اور شمالی 24 پرگنہ ، مشرقی اور مغربی مدنا پور ، ہوڑہ ، ہوگلی اور کولکتہ بدترین متاثر ہوئے ہیں ۔ ممتابنرجی نے نشاندہی کی کہ چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک نے بھی مدد کی پیشکش کی ہے ۔ وزیراعظم مودی نے بنگال کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اڈیشہ کا رخ کیا جہاں انہوں نے گورنر گنیشی لال اور چیف منسٹر پٹنائک کے ساتھ متاثرہ اضلاع کا فضائی سروے کیا ۔ وزیراعظم نے اڈیشہ کیلئے 500کروڑ کی مالی اعانت کا اعلان کیا ۔ مودی نے بنگال کی ٹی ایم سی حکومت اور اڈیشہ کی بی جے ڈی حکومت دونوں کی ستائش کی کہ خطرناک طوفان اور اس کے نتیجہ میں تباہی سے درپیش چیالنج کا دونوں ریاستوں نے اچھی طرح سامنا کیا ہے ۔