بیروت حملے میں امریکی بنکر بسٹر بم استعمال کیے گئے: ایران

   

تہران : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل نے بیروت پر حملے میں امریکی بنکر بسٹر بم استعمال کیے۔ عباس عراقچہ نے کہا کہ ایران ہر صورت لبنان اور مزاحمت کا ساتھ دے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں حزب اللّٰہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ ہاشم صفی الدین بھی محفوظ ہیں۔ بیروت حملے کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے نیشنل سیکوریٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے کہا کہ اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اللّٰہ کے سربراہ کی ہلاکت کی صورت میں متبادل قیادت تحریک کو چلانے کے لئے تیار ہے۔
امریکی ریاستوں میں طوفان اور سیلاب سے 41 اموات
نیویارک : امریکہ کی جنوب مشرقی ریاستوں میں طوفان اور سیلاب کے باعث41 اموات ہوئی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کے بگ بینڈ ریجن میں 140 میل فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن کی وجہ سے گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ فلوریڈا کے جزیرہ سیڈارکی میں آندھی سے سمندر میں کشتیاں الٹ گئیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ریاستوں فلوریڈا اور ورجینیا میں 48 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ طوفان سے متاثر ریاستوں میں 900 پروازیں منسوخ اور 3300 پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ سمندری طوفان کمزور ہو کر کیٹیگری 1 کا ہو گیا ہے، گزشتہ روز یہ کیٹیگری 4 کا تھا۔