ترقی یافتہ ممالک میں معاشی بحران، امکنہ اور جرائم جیسی صورتحال کا عوام کو سامنا
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) دنیا کے مختلف ممالک میں رہائشی مصارف میں اضافہ اور بیروزگاری عوام کے بنیادی اور اہم مسائل ہیں جبکہ بعض دیگر ممالک میں جرائم، ہاؤزنگ معاشی صورتحال اور ہیلت اور سوشل سکیوریٹی کو ترجیح دی گئی ہے۔ عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں کئے گئے سروے کے مطابق برازیل اور آسٹریلیا میں معیشت سے متعلق مسائل کو اولین ترجیح حاصل ہے اور خاص طور پر رہائشی مصارف میں اضافہ کا سامنا ہے۔ برازیل میں 62 جبکہ آسٹریلیا میں 61 فیصد عوام کا بنیادی مسئلہ رہائشی مصارف میں دن بہ دن اضافہ ہے۔ اِن ممالک میں بیروزگاری اور دیگر مسائل سے زیادہ روز مرہ کے اخراجات میں اضافہ درج کیا گیا۔ گزشتہ سال 10 سے زائد ممالک میں بنیادی مسائل سے متعلق سروے کیا گیا جس میں ہندوستان میں بیروزگاری کو اہم مسئلہ کے طور پر ترجیح دی گئی ہے۔ 52 فیصد افراد نے سروے میں بیروزگاری کو ملک کا اہم مسئلہ قرار دیا ہے۔ یوں تو ہندوستان میں مہنگائی بھی عام آدمی کے لئے ایک چیلنج بن چکی ہے اور حکومتوں کے وعدوں کے باوجود مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہی ہورہا ہے۔ سروے میں دیگر مسائل سے زیادہ بیروزگاری کو عوام نے بنیادی مسئلہ قرار دیا ہے۔ سروے کے مطابق روزگار کے مواقع میں اضافہ سے متعلق حکومتوں کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ سروے کے مطابق اسپین، پولینڈ اور اٹلی کے بنیادی مسائل میں جرائم اور ہاؤزنگ شامل ہیں۔ جاپان میں 55 فیصد افراد نے مہنگائی اور معاشی صورتحال کو اُن کے لئے بنیادی مسئلہ قرار دیا ہے۔ سروے میں دنیا کے اہم ممالک میں معاشی مسائل کا حوالہ دیا گیا جس کے تحت مختلف شعبہ جات کو انحطاط کا سامنا ہے۔ سروے میں امریکہ اور ساؤتھ افریقہ کے بنیادی مسائل کا بھی احاطہ کیا گیا جہاں علی الترتیب 50 اور 42 فیصد افراد نے معاشی صورتحال کو اہم مسئلہ قرار دیا ہے۔ مبصرین کے مطابق عالمی سطح پر بہت کم ممالک ایسے ہیں جو مستحکم معیشت کا دعویٰ کرسکتے ہیں جبکہ بیشتر ممالک میں معیشت کی صورتحال میں وقتاً فوقتاً تبدیلی رونما ہورہی ہے جس کا اثر راست طور پر عوام کے معیار زندگی پر پڑرہا ہے۔V/1