بیسن جلد کی گہری رنگت کو ہلکا کرنے اور جلد پر ماحولیاتی آلودگی کے باعث جمے ہوئے میل کچیل کو صاف کرنے کی تمام خصوصیات اس میں موجود ہیں۔بیسن (چنے کا آٹا) قدیم زمانے سے حسن و خوبصورتی کی حفاظت کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔بیسن خاص طور پر جلد کو گہرائی تک صاف کرنے اور ایکسفو لیٹر کا کام کرتا ہے۔ بیسن صرف چکنی جلد کی حفاظت کیلئے ہی مخصوص نہیں ہے بلکہ یہ حیرت انگیز طور پر خشک جلد کیلئے بھی نہایت بہترین و کارگر ثابت ہوتا ہے۔ایک پیالی میں دو کھانے کے چمچے بیسن لیں اور اس میں دودھ یا بالائی، شہد اور ایک چٹکی ہلدی پاؤڈر شامل کر کے بہترین سا پیسٹ بنا لیں۔اب اس فیس پیک کو پورے چہرے پر لگا کر 15 منٹ کیلئے چھوڑ دیں۔جب پیک خشک ہو جائے تو پانی سے دھو کر صاف کر لیں۔ یہ جلد سے میل کچیل کو صاف کرنے اور جلد کی نمی کو برقرار رکھنے میں کافی مدد فراہم کرتا ہے۔خشک جلد کی حامل خواتین اس فیس پیک کو مہینے میں دو بار ضرور آزما کر دیکھیں آپ اپنی جلد میں خوشگوار تبدیلی و فرق محسوس کریں گی۔
چکنی جلد کیلئے:چکنی جلد کیلئے بیسن کا پیک نہایت پُر اثر ثابت ہوتا ہے۔ جو گلینڈز اضافی آئل پیدا کرتے ہیں ان کو جذب کرنے کی خصوصیت رکھتا ہے علاوہ ازیں جلد کو نرم و ملائم اور چمکدار بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔کسی کیمیائی اجزاء سے بھرپور فیس واش یا صابن بر کو استعمال کرنے کے بجائے اگر دن میں دو بار بیسن میں چند قطرے لیموں کے شامل کر کے اس سے منہ دھویا جائے تو چہرہ نکھرا نکھرا نظر آئے گا اور چہرے پر نمایاں ہونے والا آئل بھی کافی حد تک کم ہو جائے گا۔چکنی جلد کی مالک خواتین کیلئے نہایت آسان فیس پیک بنانے کا طریقہ کار یہ ہے کہ بیسن میں تھوڑے سے قطرے عرقِ گلاب کے شامل کر کے اس پیک کو چہرے اور گردن پر لگائیں۔آپ اس پیک میں دودھ یا دہی بھی شامل کر کے چہرے پر لگا کر اس کی خوبصورتی کو اُبھار سکتی ہیں۔
٭٭٭٭