بین الاقوامی مسافرین کیلئے کورونا منفی رپورٹ لازمی

   

حیدرآباد ایر پورٹ پر ٹسٹنگ سنٹر کا قیام
حیدرآباد۔ حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر بین الاقوامی مسافرین کیلئے کورونا ٹسٹ سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ ایر پورٹ پر آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ تمام انٹر نیشنل پاسنجر کی جانچ کی جاسکے۔ مرکزی حکومت کے قواعد کے مطابق تمام انٹر نیشنل پاسنجرس کو ہندوستان کے کسی بھی ایر پورٹ پر اُترنے کے بعد آر ٹی پی سی آر نگیٹیو رپورٹ پیش کرنا ہوگا جو سفر کے آغاز سے 96 گھنٹے میں کرائی گئی ہو۔ راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ پر ٹسٹنگ لیب قائم کیا گیا ہے تاکہ ایسے مسافر جو آر ٹی پی سی آر ٹسٹ رپورٹ کے بغیر آئیں ان کا ٹسٹ کرایا جاسکے۔ ایسے مسافرین کیلئے کورنٹائن کی سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں وہ اپنی ٹسٹ رپورٹ تک انتظار کریں گے۔ ٹسٹ کی رپورٹ اندرون چار گھنٹے مل جائے گی اور پازیٹیو ہونے کی صورت میں ہوم کورنٹائن یا پھر حکومت کے کسی آئسولیشن سنٹر میں قیام کرنا ہوگا۔ آر ٹی پی سی آر منفی رپورٹ کے ساتھ آنے والے مسافرین کو کورنٹائن سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔ تاہم انہیں قواعد کے مطابق ہوم کورنٹائن کی مدت پوری کرنی ہوگی۔