بی جے پی کی ڈبل انجن سرکار کا فلسفہ ٹربل انجن میں تبدیل

   

پٹرول و ڈیزل قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مودی کے ٹوئیٹس کو کے ٹی آر نے ری ٹوئیٹ کیا
حیدرآباد۔/31 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ نظرثانی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈبل انجن کی سرکار غریب عوام کیلئے ٹربل انجن میں تبدیل ہوگئی ہے۔ انہوں نے 2014 سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کئے گئے ٹوئیٹس کو ری ٹوئیٹ کیا۔ واضح رہے کہ ان ٹوئیٹس میں نریندر مودی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے کروڑہا غریب عوام پر بھاری مالی بوجھ عائد کرنے کا کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت پر الزام عائد کیا تھا۔ ساتھ ہی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔ اس ٹوئیٹ کو بھی کے ٹی آر نے ری ٹوئیٹ کیا ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ناکامیوں کا ملک کی ریاستوں کو خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے اور ریاستوں پر دن بہ دن بوجھ بڑھتا جارہا ہے۔ غریب عوام کے مفادات کے خلاف بی جے پی حکمرانی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قائدین اقتدار حاصل ہونے کے بعد گھمنڈ و تکبر کا شکار ہوگئے ہیں اور عوام سے کئے گئے وعدہ کو مودی حکومت نے پورا نہیں کیا۔ بی جے پی پھوٹ ڈالو اور حکمرانی کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی کا ڈبل انجن کا فلسفہ پوری طرح ناکام ہوگیا اور یہ ملک کے غریب عوام کیلئے ٹربل انجن کی سرکار میں تبدیل ہوگیا ہے۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کے گھر گھر نل کا کنکشن فراہم کرنے کا جھوٹا دعویٰ کررہی ہے۔ مشن بھگیرتا میں مرکز کی کتنی حصہ داری ہے مرکزی حکومت اس کی وضاحت کرے۔ صفر فیصد تعاون کرتے ہوئے صد فیصد تشہیر کرنے کا مرکزی حکومت پر انہوں نے الزام عائد کیا۔ ن