دوران سفر لہو و لعب سے گریز اور ذکر و استغفار کی کثرت کی تلقین
حیدرآباد۔6۔ مئی ۔ (سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 8 پروازوں کے ذریعہ تلنگانہ کے بشمول دیگر ریاستوں کے عازمین حج کی مکہ مکرمہ روانگی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ کی نگرانی میں حج ہاؤز میں جاری حج کیمپ کے ذریعہ 8 ویں قافلہ کو مولانا سید نور الاصفیاء صدر انجمن قضات نے روانہ کیا۔ مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے حج کیمپ میں موجود عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں انتظامات کی راست نگرانی کے دوران ’’حج کٹ‘‘ اور سفری دستاویزات کے حصول کے لئے پہنچنے والے عازمین حج سے ملاقات کے دوران انہیں حج ہاؤز میں فراہم کی جانے والی سہولتوں سے واقف کروایا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی نگرانی میں تلنگانہ حج کمیٹی عازمین حج کی روانگی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور ممکنہ حد تک حج ہاؤز میں بہتر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ مولانا سید نورالاصفیاء نے 8ویں قافلہ کے عازمین حج کی روانگی سے قبل کئے گئے خطاب کے دوران عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے سفر کے دوران دکھاوے سے گریز کریں اور اللہ کی خوشنودی کے لئے اس سفر کے دوران عبادات سرانجام دیں۔ انہو ںنے بتایا کہ عزم حج کے ساتھ ہی اللہ تعالیٰ سے قرب کو مستحکم کرنے کے لئے عازمین حج کو اپنے اعمال میں تبدیلی لانی چاہئے اور جب وہ سفر حج کا آغاز کرتے ہیں تو اس کے بعد ان میں نمایاں تبدیلی نظر آنی چاہئے ۔ مولانا نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ کے گھر پہنچ کر اللہ کے گھر میں عبادت کا خشوع و خضوع محسوس کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ قلب پاکیزہ ہو اور قلب کی پاکیزگی ذکر الہیٰ کے ساتھ اللہ کے رسولﷺ کی اتباع سے ہوتی ہے۔ انہوں نے عازمین حج کو اللہ کے رسول ﷺ کی اتباع کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بارگاہ رب العزت میں حاضری قبول ہواس کے لئے یہ ضروری ہے کہ بندہ عاجزی و انکساری کے ساتھ رجوع الی اللہ ہو ۔مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی نے موقع پر عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفر حج کے دوران لہو ولعب سے گریز کرتے ہوئے اللہ کے ذکر اور استغفار کی کثرت کو یقینی بنائیں ۔ انہو ں نے سعودی حکومت کے قوانین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال حج کے لئے سعودی حکومت نے جو نئے قوانین و رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ان کے متعلق معلومات حاصل کریں تاکہ لاعلمی میں بھی ان سے کوئی ایسی غلطی سر زد نہ ہو جو کہ جاریہ سال کے دوران قابل سزاء جرم قرار دی گئی ہو۔صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ جاریہ سال پہلی مرتبہ ہندستانی عازمین حج کو اپنے پکوان کی اجازت نہیں دی گئی ہے جس کے نتیجہ میں سعودی عرب میں بعض عازمین حج کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ انہیں کھانے لئے غذاء خریدنی پڑرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے پکوان پر عائد کی گئی پابندی کے قانون پر عمل آوری لازمی ہے اور پہلی مرتبہ ا س طرح کی صورتحال پیدا ہونے کے سبب عازمین حج کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مولانا غلام سید افضل بیابانی خسروپاشاہ نے عازمین حج کے سفر کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے دعاء ہے کہ اللہ اپنے مہمانوں کے سفر کو آسان کرتے ہوئے ان کے حج بیت اللہ کو قبول و مبرور فرمائے۔3/m/b