تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کی 4 مئی سے روانگی

   

21 مئی تک 23 قافلوں کی روانگی، حج کیمپ کی تیاریاں شروع
حیدرآباد ۔15۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2026 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین کی فلائیٹس کا 4 مئی سے آغاز ہوگا اور 21 مئی کو آخری قافلہ کی روانگی عمل میں آئے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کا فلائیٹ شیڈول جاری کردیا ہے جس کے تحت تلنگانہ سے جملہ 23 قافلے روانہ ہوں گے اور یہ تمام حیدرآباد سے جدہ پرواز کریں گے۔ جبکہ واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی۔ عازمین کا پہلا قافلہ 4 مئی کی صبح 5.35 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کرے گا۔ پہلے دن تین قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی جبکہ 5 مئی کو دو ، 6 مئی کو تین ، 7 مئی کو دو اور باقی ایام میں روزانہ ایک ایک قافلہ روانہ ہوگا۔ 4 تا 14 مئی قافلوں کی روزانہ روانگی عمل میں آئے گی جبکہ آخری چار قافلے 19 تا 21 مئی روانہ ہوں گے۔ آخری چار قافلوں میں ان عازمین کو شامل کیا گیا ہے جو 25 تا 30 دن کے مختصر مدتی حج پر رہیں گے جبکہ دیگر عازمین کا سعودی عرب میں 39 تا 44 دنوں تک قیام رہے گا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے حج کیمپ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہا کہ حج کیمپ میں گزشتہ سال سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے کمیٹی کا منصوبہ ہے۔ عازمین کی سہولتوں کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے گئے جنہیں جلد قطعیت دی جائے گی۔ قافلوں کی روانگی سے دو دن قبل حج ہاؤز نامپلی میں حج کیمپ کا آغاز ہوگا۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے تقریباً 10,000 عازمین روانہ ہوں گے جن میں 695 عازمین نظام رباط میں قیام کریں گے۔ سعودی حکومت نے رہائشی عمارتوں میں جاریہ سال سے پکوان کی اجازت منسوخ کردی ہے۔ عازمین کو اپنے طور پر باہر سے کھانے کا انتظام کرنا ہوگا۔1/k