ڈیٹا سنٹرس کے قیام کا فیصلہ، انفوسیس 17 ہزار نئے روزگار فراہم کرے گا، ڈاؤس میں تلنگانہ حکومت سے معاہدے
حیدرآباد ۔23۔جنوری (سیاست نیوز) ورلڈ اکنامک فورم سمٹ کے دوران امیزان گروپ نے حیدرآباد میں 60,000 کروڑ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ انفوسیس نے اپنی سرگرمیوں میں توسیع کے ذریعہ مزید 17000 نئے روزگار فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو سے امیزان ویب سرویسیس کے عہدیداروں نے ملاقات کی اور سرمایہ کاری کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حیدرآباد ملک میں ڈیٹا سنٹرس معاملہ میں سرفہرست بن چکا ہے۔ امیزان ویب سرویسز نے ڈیٹا سنٹرس کے قیام کے ذریعہ 60 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ۔ کمپنی کے وائس پریسیڈنٹ گلوبل پبلک پالیسی مائیکل پنکی نے سریدھر بابو اور تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کی جانے والی سہولتوں سے واقف کرایا گیا۔ امیزان ویب سرویسیس نے توسیعی منصوبہ کے تحت تلنگانہ میں ڈیٹا سنٹرس کو فروغ دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ کمپنی نے سابق میں 2030 تک تلنگانہ میں 4.4 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی نے ایک بلین ڈالر کے سرمایہ سے ریاست میں تین مراکز قائم کئے ہیں جو کارکرد ہیں۔ کمپنی نے حکومت سے خواہش کی ہے کہ توسیعی منصوبہ کیلئے اضافی اراضی الاٹ کی جائے جس پر حکومت نے اتفاق کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امیزان کی سرمایہ کاری پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حیدرآباد ڈیٹا سنٹرس کے دارالحکومت میں تبدیل ہورہا ہے۔ دوسری طرف انفوسیس لمٹیڈ نے آئی ٹی کیمپس پوچارم کو توسیع دینے سے اتفاق کیا۔ انفوسیس کے سی ایف او جیش سنگھراجکا نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو سے ملاقات کے دوران پوچارم کیمپس میں مزید 17 ہزار نئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔ کمپنی میں فی الوقت 35,000 سے زائد ملازمین ہیں اور 17,000 کے اضافہ سے یہ ملک کا سب سے بڑا مرکز بن جائے گا۔آئندہ تین برسوں میں پہلے مرحلہ کے تحت نئی آئی ٹی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی جس پر 750 کروڑ کے مصارف ہوں گے ۔ اس عمارت میں 10,000 افراد کی گنجائش رہیں گی۔ کمپنی کی سرگرمیوں میں توسیع سے آئی ٹی کے شعبہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے آگے ہوجائے گا۔ سریدھر بابو نے انفوسیس کے ساتھ حکومت کے اشتراک کو مزید مضبوط کرنے کے فیصلہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے آئی ٹی ٹیالینٹس تیار کرنے میں حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔1