تلنگانہ میں تلگودیشم کی سرگرمیوں میں اضافہ

   

این ٹی آر ٹرسٹ کو صدر چندرابابو کی آمد پر پارٹی قائدین میں جوش و خروش
حیدرآباد۔26فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی آفس (این ٹی آر ٹرسٹ بھون)میں سیاسی سرگرمیاں لوٹ آنے اور پارٹی قائدین کی سرگرمیوں میں ہونے والے اضافہ کے بعد اب تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کی ریاست کے تمام اضلاع میں سرگرمیاں تیز کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔سابق چیف منسٹر آندھراپردیش و سربراہ تلگو دیشم پارٹی این چندرابابو نائیڈو کی پارٹی آفس میں آمد اور پارٹی قائدین و کارکنوں سے خطاب کے دوران پارٹی قائدین میں نیا جوش وخروش دیکھا جانے لگا ہے اورکہا جا رہاہے کہ ریاستی صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر کاسانی گیانیشور نے ’’گاؤں گاؤں تلگودیشم‘‘ جو مہم شروع کی ہے وہ تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی میں نئی جان ڈالنے میں انتہائی اہم اور کارآمد ثابت ہوگی۔سربراہ تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندر بابو نائیڈو نے آج این ٹی آر ٹرسٹ بھون میںتلنگانہ پارٹی قائدین و کارکنوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میںتلگودیشم پارٹی نے 41سال کے دوران تلگو عوام کے دلوں میں جو جگہ بنائی ہے وہ پارٹی کا اثاثہ ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کو وسعت دینے اور شہر کی ترقی کے سلسلہ میں تلگو دیشم دور حکومت کے اقدامات کو آج بھی شہری یاد کرتے ہیں ۔ مسٹر نائیڈو نے ریاست کی تقسیم کے باوجود تلگو عوام کے دلوں میں پارٹی سے مضبوط تعلق کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ تلگو دیشم پارٹی ہی بدعنوانیوں سے پاک حکمرانی کی فراہمی کے ذریعہ عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بناسکتی ہے۔م