تلنگانہ میں SIR ۔ فلمی ، کھیلوں اور کاروباری دنیا کی اہم شخصیات کو نوٹس جاری

   

مہیش بابو ، راجامولی ، سمانتا ، وی وی ایس لکشمن ، متھالی راج ، پی گوپی چند ، سائنا نہوال اور دوسرے شامل
حیدرآباد : 11ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ بھر میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظر ثانی کا عمل بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ اس مہم کے دوران شہر حیدرآباد کی کئی نامور شخصیات ، ٹالی ووڈ اداکارؤں ، کھلاڑیوں اور ممتاز تاجروں کی ووٹر تفصیلات میں شدید تضادات کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں نوٹس جاری کی ہے ۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ کے قواعد کی اشاعت کے بعد کی گئی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ کئی وی آئی پیز کے ووٹر کارڈس میں ناموں کا میل نہ ہونا ، والد کے ناموں میں غلطیاں اور سابق ایس آئی آر ریکارڈس کے ساتھ میاپنگ نہ ہونا جیسی خامیاں موجود ہیں جبکہ کچھ معاملات میں نوٹس کی کوئی وجہ بھی ظاہر نہیں کی گئی ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جن نامور شخصیات کو ووٹر ریکارڈ کی درستگی کے نوٹس روانہ کئے گئے ہیں ان میں زندگی کے مختلف شعبوں کی اہم شخصیات شامل ہیں ۔ عالمی شہرت یافت ڈائرکٹر ایس ایس راجا مولی ، سوپر اسٹار مہیش بابو ان کی اہلیہ نمرتا شروڈکر ، معروف اداکار وینکٹیش اور ان کی بیٹیاں ۔ اس کے علاوہ اداکارہ سمانتا ، وجئے دیورا کونڈہ اور ان کے بھائی آنند دیورا کنڈہ کے نام شامل ہیں ۔ سابق ہندوستانی کرکٹر وی وی ایس لکشمن ، سابق ویمنس کرکٹ کپتان متھالی راج ، قومی بیڈمنٹن کوچ پی گوپی چند اور عالمی بیڈ منٹن اسٹار سائنا نہوال ۔ کاروباری دنیا سے ممتاز صنعت کا مرلی کرشن ، پرساد دیوی اور اپولو ہاسپٹل کی وائس چیرمین اُپاسنا کونیڈیلا بھی اس فہرست میں شامل ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں وی آئی پیز کا اس فہرست میں شامل ہونا ووٹر لسٹ کی ماضی میں کی گئی تصدیق کے عمل میں پائے جانے والے تضادات کی نشاندہی کرتا ہے ۔ الیکشن کمیشن حکام نے واضح کیا ہے کہ جن مشہور شخصیات کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں انہیں سماعت کے دوران خود ذاتی طور پر حاضر ہونے سے استثنی حاصل ہے ۔ اگر وہ سماعت کی تاریخ پر دستیاب نہہوں تو وہ اپنی جگہ اپنے کسی نمائندے یا فیملی ممبر کو بھیج سکتے ہیں ۔ جو افراد خود یا ان کے نمائندے سماعت میں شرکت کریں گے وہ ضروری اصلی شناختی و رہائشی سرٹیفیکٹس جمع کرواکر ریکارڈ میں موجود غلطیوں کو درست کرواسکتے ہیں ۔ 2