تلنگانہ کی برسر اقتدار کانگریس اور مجلس اتحاد المسلمین کے درمیان تعلقات کشیدہ!

   

صدر مجلس کی پون کھیرا کی اہلیہ پر ریمارکس کے بعد کانگریس ہائی کمان سخت ناراض
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) برسراقتدار کانگریس اور مجلس اتحاد المسلمین کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے لگے ہیں ! مجلس تلنگانہ میں برسراقتدار کانگریس کی حلیف کے طور پر کام کر رہی تھی اور 2023اسمبلی انتخابات میں ریونت ریڈی کے چیف منسٹر بننے کے بعد ان سے تعلقات کو بہتر بناتے ہوئے مجلسی قیادت نے کانگریس کا دامن تھام لیا تھا اور خود چیف منسٹر اے ریونت ریڈی صدر مجلس بیرسٹراسدالدین اویسی اور قائد مقننہ جناب اکبر الدین اویسی سے مسلم امور کے علاوہ پرانے شہر کے مسائل پر مشاورت کے بعد ہی فیصلہ لینے لگے تھے لیکن اب جبکہ بیرسٹراسدالدین اویسی نے رکن راجیہ سبھا کانگریس پون کھیرا کی اہلیہ کے متعلق ریمارکس کئے ہیں اس کے بعد سے کانگریس ہائی کمان اور کانگریس قائدین کی برہمی میں شدید اضافہ ہوگیا ہے اور وہ راست بیرسٹراویسی کو تنقیدوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی اعلیٰ کمان نے تلنگانہ میں کانگریس ۔مجلس کے درمیان بہتر تعلقات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی ہے کہ ’مجلس‘ سے کانگریس قائدین کے بہتر تعلقات کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی اعلیٰ کمان نے تلنگانہ کانگریس قائدین کو مجلس کی جانب سے کانگریس یا کانگریسی قائدین پر کی جانے والی تنقیدوں کا سخت جواب دینے کی ہدایت دی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے مجلسی قائدین کے ساتھ گہرے اور بہتر تعلقات کا بھی پارٹی ہائی کمان نے سخت نوٹ لیتے ہوئے اس بات کی تاکید کی ہے کہ کانگریس ہائی کمان پر مجلس اور مجلسی قائدین کی تنقیدوں کے باوجود تلنگانہ میں حکومت سے مجلس کے بہتر تعلقات ناقابل فہم ہیں۔کانگریس پارٹی قائدین کو ہائی کمان سے ہدایات موصول ہونے کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بھی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جس طرح بھارتیہ جنتاپارٹی قائدین اکثریتی رائے دہندوں کو متحد کرنے میں مصروف ہیں اسی طرح بیرسٹر اسدالدین اویسی مسلم رائے دہندوں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کانگریس بالخصوص کانگریس کے اقلیتی قائدین حکومت کو اقلیتی کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں سنجیدہ اقدامات کے لئے متوجہ کرواتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں سنجیدہ اقدامات کو یقینی بناتی ہے تو ایسی صورت میں مجلسی قائدین کو حکومت کے خلاف محاذ آرائی کا کوئی موقع حاصل نہیں ہوگا اسی لئے حکومت کو فوری طور پر اقلیتی بہبود کی اسکیمات کو مؤثر بنانے کے اقدامات کے ساتھ ان پر عمل آوری شرو ع کرنی چاہئے ۔3