تلنگانہ کی توہین پر بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کی خاموشی افسوسناک : پونم پربھاکر

   

شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کی توہین، کشن ریڈی اور بنڈی سنجے پر سخت تنقید
حیدرآباد ۔16۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے تلنگانہ کے خلاف بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے اہانت آمیز ریمارکس پر لوک سبھا میں تلنگانہ بی جے پی ارکان کی خاموشی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ مباحث کے دوران لوک سبھا میں کرناٹک کے بی جے پی رکن تیجسوی سوریہ نے ریاست کی تقسیم کا حوالہ دیتے ہوئے تلنگانہ عوام کے جذبات کی توہین کی ہے۔ انہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے سینکڑوں نوجوانوں کی توہین کی لیکن لوک سبھا میں موجود تلنگانہ کے 8 بی جے پی ارکان خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کمار کی خاموشی باعث حیرت ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ اگر بی جے پی ارکان اور دونوں مرکزی وزراء میں تلنگانہ کی حمیت باقی ہے تو انہیں تیجسوی سوریہ کے بیان کی مذمت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار دہوں کے دوران علحدہ ریاست کی تشکیل کیلئے سینکڑوں نوجوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔ مرکز کی یو پی اے حکومت نے دستوری ترمیم کے ذریعہ نئی دریاست تلنگانہ کو سائن کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد تلنگانہ سے ناواقف بی جے پی رکن من مانی تبصرے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر بی جے پی قائدین بھی تلنگانہ کی تشکیل کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ تبصرے کرچکے ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ سے بی جے پی کے 8 ارکان پارلیمنٹ ہیں اور بی جے پی کے ریاستی صدر رامچندر راؤ نے بھی سوریہ کے بیان پر اعتراض نہیں جتایا۔ انہوں نے کہا کہ دستوری اور قانونی طور پر تشکیل شدہ تلنگانہ کی مخالفت کرنا نہ صرف عوام بلکہ دستور کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام اس طرح کے بیانات کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کی خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ تلنگانہ کے حقیقی ہمدرد نہیں ہیں۔ مرکزی وزیر داخلے امیت شاہ اور تلگو دیشم ارکان نے بھی تشکیل تلنگانہ کے خلاف بیانات دیئے ۔ پربھاکر نے بتایا کہ وہ شخصی طور پر اسپیکر لوک سبھا سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی رکن کے خلاف نمائندگی کریں گے۔ 1/k/m/b