تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں میں موسلا دھار بارش

   

زرد الرٹ کی اجرائی، ضلعی انتظامیہ کو چوکس رہنے کا مشورہ، عوام کو احتیاط سے کام لینے پر زور
حیدرآباد۔20۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتراضلاع میں آئندہ 48گھنٹے کے دوران انتہائی شدید موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کئی اضلاع کے لئے ’’زرد الرٹ ‘‘ جاری کیا ہے تلنگانہ عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسلادھار بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ ریاست کے کئی اضلاع میں خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو کہ 24 گھنٹے جاری رہنے کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے عہدیدارجو بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ اضلاع کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھمم ‘ عادل آباد‘ کریم نگر میں انتہائی موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ اور ملگ کے علاقوں میں معمول کے مطابق بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے موسم کے متعلق محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ 20اگسٹ کی رات دیر گئے سے دونوں شہروںکے بیشتر علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں لیکن دن کے اوقات میں گرمی کا سلسلہ جاری رہنے اور درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔ 3