AI ٹکنالوجی کے ذریعے گھر بیٹھے ملازمتوں کی تلاش ، دلالوں اور جعلی اشتہارات سے نجات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ڈگری اور پوسٹ گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمتوں کی تلاش میں سرگرداں بے روزگار نوجوانوں کے لیے تکنیک کا ایک بڑا سہارا سامنے آیا ہے ۔ حکومت تلنگانہ کا مصنوعی ذہانت AI پر مبنی ڈیجیٹل ایمپلائمنٹ اکسیچینج (DEET) پلیٹ فارم نوجوانوں کے لیے کسی نعمت سے کم ثابت نہیں ہورہا ہے ۔ اب جیسے ہی جاب نوٹیفیکیشن جاری ہوتے ہیں ۔ انٹرنیٹ سنٹرس کے چکر کاٹنے اور درخواستوں کی فیس کے نام پر اپنی جبیں خالی کرنے کی ضرورت نہیں رہی ۔ DEET ایپ بے روزگار نوجوانوں کو جدید ٹکنالوجی کے ذریعے ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔ اس ایپ کے ذریعہ امیدوار ایک ہی جگہ پر مختلف سرکاری و خانگی شعبوں کی ملازمتوں اور مخلوعہ جائیدادوں کی جامع تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں ۔ AI ٹکنالوجی امیدوار کی تعلیمی قابلیت اور عملی مہارتوں (Skills) کو مد نظر رکھتے ہوئے بالکل مناسب ملازمتوں کی نشاندہی کرتی ہے ۔ یہ ایپ جاب اسکیمس ، جعلی اشتہارات اور نوکری دلانے کا جھانسہ دینے والے دلالوں کے استحصال سے نوجوانوں کو محفوظ رکھتا ہے ۔ نوجوان اپنے موبائل فون کے ذریعہ چند منٹوں میں رجسٹریشن مکمل کر کے نوکریوں کے لیے درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ اپنے اسمارٹ فون پر گوگل پلے اسٹور سے DEET ایپ ڈاؤن لوڈ کریں ۔ ایپ میں اپنی ذاتی معلومات کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیمی قابلیت ، تجربہ اور مہارتیں درج کریں ۔ تمام متعلقہ تعلیمی سرٹیفیکٹس اور دستاویزات اپ لوڈ کر کے رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں ۔ رجسٹریشن کے بعد آپ کی اہلیت سے مطابقت رکھنے والی ملازمتوں پر ایپ کے ذریعے ایک کلک کے ساتھ ہی آسانی سے درخواست دی جاسکتی ہے ۔۔ 2/m/b