تنومہ پہاڑی جنگلات میں آگ لگانے والے تین افراد گرفتار

,

   

ریاض ۔ سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ عسیر علاقے میں تنومہ پہاڑی جنگلات میں آتشزدگی کا سبب بننے والے تین غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ دستیاب معلومات کی روشنی میں تفتیش کی گئی تو اندازہ ہوا کہ تین درانداز جنگلات میں آئے تھے۔یہاں پہنچ کر انہوں نے آگ لگائی اور موقع سے فرار ہوگئے جس کے باعث آگ اس قدر پھیل گئی کہ اس سے 47 لاکھ مربع میٹرکا رقبہ متاثر ہوگیا۔وزارت نے کہا ہے کہ تفتیش کے نتیجے میں آگ لگانے والوں کی شناخت ہوگئی ہے، یہ تین ایتھوپین در انداز ہیں جو سعودی عرب میں سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے داخل ہوئے ہیں۔انہیں گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ وزارت داخلہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوںکو تاکید کر رہی ہے کہ ملک میں فساد پھیلانے اور امن و امان بگاڑنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ دوسری طرف عسیر علاقے گورنریٹ نے کہا ہے کہ سودہ تفریحی علاقے میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تنومہ جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے بعد سودہ تفریحی مقام کے پہاڑوں میں آگ لگ گئی تھی جسے رات گئے تک بجھانے کی کوشش کی جاتی رہی۔