حیدرآباد میں ممبئی کے 26/11 طرز کے حملوں کی دھمکی

   

کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن و ایک ہوٹل کو نشانہ بنانے کا انتباہلشکرطیبہ کے نام سے ای میل
حیدرآباد، 22 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں 26/11 ممبئی حملوں کی طرز پر حملے کرنے کی دھمکی ملنے کے بعد پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق لشکر طیبہ کے نام سے موصول ایک ای میل میں کاچیگوڑہ کے ہوٹل ٹورسٹ پلازہ اور کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن کو بم دھماکوں کے ذریعہ اڑا دینے کی دھمکی دی گئی ہے۔ای میل کے بھیجنے والے نے لشکر طیبہ سے وابستگی کا دعویٰ کرتے ہوئے کم از کم 300 افراد کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اس نے مبینہ طور پر کہا کہ یہ حملے 26 نومبر کے ممبئی دہشت گرد حملوں کی طرز پر حیدرآباد میں انجام دیئے جائیں گے۔ ای میل میں حملوں کی وجہ اپنے مبینہ قائد لطیف بھٹ اور دیگر ساتھیوں کی ہندوستانی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کا انتقام بتائی گئی ہے۔اس دھمکی کے پیش نظر کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن اور ہوٹل ٹورسٹ پلازہ کے علاوہ شہر کے اہم مقامات پر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس کو ہوٹلوں، ریلوے اسٹیشنوں، بس اسٹیشنوں، مذہبی مقامات، بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور اہم سرکاری تنصیبات پر خصوصی نگرانی رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔حکام کو مشتبہ افراد، لاوارث اشیاء ، گاڑیوں و غیر معمولی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے علاوہ پٹرولنگ میں اضافہ، انسداد تخریب کاری تلاشی اور متعلقہ سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم، موصولہ دھمکی کی صداقت اور اس کے پس منظر کی تحقیقات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ب