انالاک اورمیل میں یادداشت مفاہمت، مانسون کے دوران ٹریفک کو بہتر بنانے کی ہدایت ، چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد ۔یکم جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں ٹریفک سگنلس کے نظام کو موثر اور مستحکم بنانے کے لئے عصری ٹکنالوجی کے استعمال کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنایاجاسکتا ہے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ انہوں نے مانسون کے دوران ٹریفک میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے آرٹیفشل انٹلیجنس کو ٹریفک سسٹم سے مربوط کرنے کا مشورہ دیا۔ انالاک کے بانی اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر الیکس کپمین اور میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمٹیڈ MEIL کے منیجنگ ڈائرکٹر پی کرشنا ریڈی نے چیف منسٹرریونت ریڈی سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں فزیکل انٹلیجنس کے استعمال کے سلسلہ میں دونوں اداروں کو مختلف تجاویز پیش کیں۔ کمپنی کے ذمہ داروں نے چیف منسٹر کو حیدرآباد ٹریفک کے پائلٹ پراجکٹ سے واقف کرایا اور کہا کہ ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ شہری علاقوں میں ٹریفک کے چیالنجس سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نیکسٹ جنریشن انٹلیجنٹ انفراسٹرکچر کے منصوبہ کی تفصیلات پیش کیں جس کے ذریعہ آنے والی نسلوں کو سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ کرشنا ریڈی اور کپمین نے فزیکل انٹلیجنس کے ذریعہ سنسرس اور روبوٹیک کے استعمال کو محفوظ اور موثر قرار دیا تاکہ شہری ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنل کے نظام کو بہتر بنانا ٹکنالوجی کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو مانسون کے دوران پانی جمع ہونے کے مقامات کی پہلے سے نشاندہی کرنی چاہئے اور برقی سربراہی کو بلا خلل جاری رکھا جائے۔ دونوں اداروں نے نئی ٹکنالوجی کے استعمال سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر کی موجودگی میں انالاک اور میل نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، جوپلی کرشنا راؤ ، چیف سکریٹری سنجے جاجو ، چیف منسٹر کے مشیر رام کرشنا راؤ اور دیگر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ 1/k