حیدرآباد کو مزید 10 برسوں تک مشترکہ دارالحکومت بنایا جائے

   

آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست
حیدرآباد۔/3 مارچ، ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست داخل کرتے ہوئے حیدرآباد کو مزید 10 برسوں تک دونوں تلگو ریاستوں کے مشترکہ دارالحکومت کے طور پر برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی وزارت داخلہ کو ہدایت دینے کی ہائی کورٹ سے درخواست کی گئی۔ ریاست کی تقسیم کے وقت حیدرآباد کو دس برسوں کیلئے مشترکہ دارالحکومت کا درجہ دیا گیا تھا اور یہ مدت 2 جون کو ختم ہورہی ہے۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید کا عمل 2014 کے تحت تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان اثاثہ جات، قرض کی تقسیم کے علاوہ نویں شیڈول کے تحت موجود اداروں کی تقسیم کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ این ٹی آر ضلع سے تعلق رکھنے والی رضاکارانہ تنظیم نے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی۔ درخواست گذار نے 2 جون 2034 تک حیدرآباد کو مشترکہ دارالحکومت قرار دینے کیلئے وزارت داخلہ کو ہدایت دینے کی اپیل کی گئی۔ مرکزی وزارت داخلہ قانون پر عمل آوری کی مجاز ہے۔ مرکزی ہوم سکریٹری، چیف سکریٹری آندھرا پردیش اور دیگر محکمہ جات کو مقدمہ میں فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گذار کا کہنا ہے کہ دونوں ریاستوں کے درمیان زیر التواء تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے مزید 10 برس تک حیدرآباد کو مشترکہ دارالحکومت کا موقف دینا بہتر رہے گا۔1