دبئی میں 18 سال قید کے بعد 5 تلنگانہ ورکرس کی واپسی

   

حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز) دبئی میں ایک نیپالی کے قتل کے الزام میں 18 سال قید میں گذارنے کے بعد5 تلنگانہ ورکرس آج حیدرآباد واپس ہوگئے۔ اس موقع پر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ملیش اس کا بھائی ایس روی، گولم نامپلی، ڈی لکشمن ساکن راجنا سرسلہ ضلع اور ایس ہنمنتو ساکن جگتیال دبئی میں کام کررہے تھے۔ دبئی میں ایک نیپالی کے قتل کے سلسلے میں انہیں 2006 میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اعلیٰ عدالت میں اپیل کے بعد ان کی سزا کو 25 سال کردیا گیا تھا۔ دبئی کے قانون کے مطابق مہلوک ورثا اگر معافی دیتے ہیں تو مجرمین کو رہا کردیا جاتا ہے۔ قیدیوں کے خاندان والے سابق وزیر کے ٹی آر سے رجوع ہوئے جنہوں نے مہلوک کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور 15 لاکھ خون بہا کے طور پر ادا کیا جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی۔