لندن۔ کرکٹ کے قوانین کے محافظ میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے اب دوسرے سرے پرکھڑے بیٹرکو غیر منصفانہ کھیل کے زمرے سے رن آؤٹ کرنے کے اصول کو ہٹا دیا ہے۔ اس کے ساتھ گیندکو چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی اور 2022 کے ضابطہ اخلاق میں یہ تبدیلیاں یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گی۔ دوسرے سرے پر موجود بیٹرکے کریز سے گزر جانے کے بعد رن آؤٹ ہونے کے بارے میں کافی بحث ہوئی اور اسے کھیل کی روح کے خلاف کہاگیا تاہم ہندوستان کے تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون سمیت بہت سے کھلاڑیوں نے بیٹرکو آؤٹ کرنے کے مناسب طریقے کے طور پر اس کے لیے لابنگ کی ہے۔ایم سی سی نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا دوسرے سرے پر کھڑے بیٹرکو رن آؤٹ کرنے کے لیے قواعد 41۔ 16 کو رول 41 (نامناسب) کھیل سے رول 38 (رن آؤٹ) میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چند دیگر قوانین میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔