ریاستی بجٹ اندازوں پر نہیں ، حقائق پر مبنی ہو: ریونت ریڈی

   

آمدنی کے وسائل میں اضافہ کی ہدایت، اہم محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس

حیدرآباد ۔یکم جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں آمدنی کے وسائل کی بنیاد پر بجٹ تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بجٹ صرف اندازوں پر مبنی نہیں بلکہ حقائق پر مبنی ہونا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست میں مالی وسائل کو اکٹھا کرنے کے سلسلہ میں اہم محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے ایچ ایم ڈی اے ، انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن ، کمرشیل ٹیکسیس ، ایکسائز اور کانکنی کے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ آمدنی کے حصول میں کوئی خامی نہ رہے۔ کلکشن کے سلسلہ میں کسی بھی لکیج کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے فینانشیل مینجمنٹ کے معاملہ میں سخت نگرانی اور جوابدہی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آمدنی سے متعلق امور کی مسلسل نگرانی کیلئے خصوصی سیل قائم کیا جائے۔ یہ سیل محکمہ جات کی آمدنی کے حصول پر نہ صرف نظر رکھے بلکہ اضافہ کی حکمت عملی تیار کرے۔ انہوں نے محکمہ جات سے کہا کہ وہ کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے انفراسٹرکچر اور ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل کیلئے اراضیات کے حصول کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے آمدنی کے نشانوں کی تکمیل کیلئے محکمہ جات کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ آمدنی میں اضافے اور فنڈس کے حصول کے معاملہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کو حقیقی آمدنی کی بنیاد پر ریاست کا بجٹ تیار کرنا چاہئے۔ اندازوں اور خیالی بجٹ کے بجائے زمینی حقائق پر مبنی بجٹ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیفشل انٹلیجنس سے استفادہ کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کو ڈائرکٹر بینفٹ ٹرانسفر سسٹم کے تحت مربوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں زیر التواء اسکیمات اور ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو پیش نظر رکھا جائے ۔ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، جوپلی کرشنا راؤ ، چیف سکریٹری سنجے جاجو، چیف منسٹر کے مشیر رام کرشنا راؤ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1/k