ایس آئی آر مسئلہ پر ادارہ سیاست کی جانب سے عوام کی رہنمائی پر اظہارِ تشکر
سدی پیٹ ۔11 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان سے سدی پیٹ کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کرتے ہوئے اُن کی شال پوشی و گلپوشی کی۔اس وفد کی قیادت اسٹاف رپورٹر سدی پیٹ روزنامہ سیاست جناب کلیم الرحمن نے کی۔ وفد نے جناب زاہد علی خان اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کو بطور خاص مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر کے حساس و اہم مسئلہ پر دفتر روزنامہ سیاست میں عوام کی رہنمائی کیلئے جو ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے اس سے ہزاروں مسلمان استفادہ کررہے ہیں۔ روزنامہ سیاست ہر مسئلہ پر ملت کی رہنمائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتا ۔ واضح رہے کہ ریاست تلنگانہ میں ایس آئی آر کے عمل کو ملحوظ رکھتے ہوئے نیوز ایڈیٹر سیاست عامر علی خان نے اپنے قائم کردہ سیاست ہب فاؤنڈیشن کے تحت ہیلپ ڈسک قائم کیا ہے۔ جس سے ہر روز تقریباً 500 افراد استفادہ کررہے ہیں۔ سدی پیٹ کے اس نمائندہ وفد میں صدر قاضی محمد ظہیر الدین بابر، سجاد حسین ڈائریکٹر سا سا گروپ، محمد خواجہ قطب الدین اور سید مزمل احمد سینئر لیڈر کانگریس بھی شامل تھے۔ وفد نے جناب عامر علی خان سے گزارش کی کہ وہ حیدرآباد کی طرز پر سدی پیٹ میں بھی ایس آئی آر ہیلپ ڈیسک قائم کریں تاکہ سدی پیٹ کے مسلمانوں کی رہنمائی ہوسکے۔