سرنگ میں 41 مزدوروں کے حوصلے ٹوٹ رہے ہیں

   

باہر نکالنے کی کوششیں ہنوز ناکام‘نئی مشین سے توقعات
اترکاشی: اترکاشی کے سلکیارا گاؤں میں زیر تعمیر سرنگ کومنہدم ہوئے 8 دن گزر چکے ہیں جس میں 41 مزدور پھنس گئے ہیں، لیکن ایک بھی مزدور کو تا حال باہر نہیں نکالا جا سکا ہے۔ اندر پھنسے کارکنوں کے حوصلے ٹوٹ رہے ہیں ۔ ان مزدوروں کو نکالنے کیلئے دہلی سے لائی گئی اوجر مشین نے جمعہ (17 نومبر) کی شام سے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ اندور سے ایک نئی مشین لائی گئی ہے جسے اب سرنگ کے اندر 200 میٹر تک لے جایا جا رہا ہے۔ اب افقی طور پر یعنی سامنے سے سوراخ کرنے کے بجائے عمودی طور پر یعنی اوپر سے سوراخ کیے جائیں گے تاکہ ملبہ کو آسانی سے ہٹایا جا سکے۔ اب تک سرنگ کے اندر 70 میٹر تک پھیلے ملبے میں 24 میٹر سوراخ ہو چکا ہے۔ تاہم یہ آدھا بھی نہیں ہے۔ سرنگ کے اندر پھنسے 41 مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ٹنل کے دائیں اور بائیں حصوں میں فرار کی سرنگیں بنائی جائیں گی اور سرنگ کے اوپر والی پہاڑی سے عمودی ڈرلنگ کی جائے گی۔ پائپ لائن کے ذریعے اندر پھنسے مزدوروں کو غذائیت سے بھرپور فوڈ سپلیمنٹس اور او آر ایس بھیجا جا رہا ہے۔