سم کارڈ کی خریدی کے لیے نئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی

   

پی ایم او کے تازہ احکامات ، ایک ہی شناختی ثبوت پر متعدد سم کارڈس کا حصول ناممکن
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سم کارڈ حاصل کرنے کے قواعد میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ اب ایک سے زیادہ من مانی متعدد سم کارڈس حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ یہی نہیں بلکہ کسی کے شناختی ثبوت پر کسی اور نے سم کارڈ حاصل کیا ہے تو سم کارڈ کے نئے اصول کے مطابق اس کا پتہ چل جائے گا کیوں کہ سم کارڈس کی فروخت کے لیے پی ایم او نے نئے احکامات جاری کیا ہے ۔ اس سلسلے میں پی ایم او نے ڈی او ٹی کو ہدایت دی ہے کہ آدھار کارڈ کی بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر سم کارڈ فروخت نہ کریں ۔ اس کے ساتھ اب نئے سم کارڈ کنکشن کے لیے آدھار کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگئی ہے ۔ اس تناظر میں جعلی دستاویزات کے ذریعہ سم کارڈ خرید کر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف حکومت نے سیکوریٹی اقدامات کو مزید مضبوط بنادیا ہے ۔ سم کارڈ کے قواعد کے مطابق آدھار کارڈ کے علاوہ ووٹر شناختی کارڈ ، پاسپورٹ وغیرہ کے بشمول کسی بھی دوسری سرکاری شناخت کا استعمال کرتے ہوئے نیا موبائل کنکشن حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ سم کارڈ کی فروخت سے متعلق قواعد مزید سخت بنانے کے لیے وزیراعظم کے دفتر نے یہ حکم جاری کیا ہے ۔ اس حکم کے مطابق سم کارڈ رٹیلرس بھی بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر سم کارڈ فروخت نہیں کرسکتے ٹیلی کام سیکٹر پر حال ہی میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کے بعد نئے قواعد جاری کئے گئے ۔ آرٹیفیشل انٹلی جنس (AI) پر مبنی ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے مجرموں کی شناخت کرتے ہوئے انہیں سزا دینے کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن کا شعبہ لا انفورسمنٹ ایجنسی (LEA) کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے ۔ آدھار پر مبنی بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر کوئی سم کارڈ جاری نہیں کیا جائے گا ۔ ٹیلی کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ اس طریقہ کار کے استعمال سے اگر موبائل فون بھی فراڈ کے لیے استعمال ہوتے ہیں تو اس کا بھی پتہ چل جائے گا ۔ سائبر کرائم پر حالیہ منعقد ہوئی ایک میٹنگ میں انکشاف ہوا ہے کہ بہت سے لوگ ٹیلی کام سیکٹر کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک ہی ثبوت کا استعمال کرتے ہوئے متعدد سم کارڈ حاصل کررہے ہیں ۔ مزید اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ ایسے سم کارڈ مالیاتی بے ضابطگیوں کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں ۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ چند لوگ دوسروں کے شناختی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے سم کارڈ حاصل کررہے ہیں ۔ اس سلسلے میں پی ایم او نے اپنے احکامات میں ٹیلی کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ ایسے وینڈرز کی نشاندہی کریں جو نقلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے سم کارڈس جاری کررہے ہیں ۔۔ 2