سنگاریڈی ضلع کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے صدرنشین وقف بورڈ سے نمائندگی

   

سابق رکن اسمبلی جگاریڈی کی قیادت میں مسلم نمائندوں کے وفد نے مختلف امور سے واقف کرایا
حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ورکنگ پریسیڈنٹ پردیش کانگریس کمیٹی اور سابق رکن اسمبلی جگاریڈی نے سنگاریڈی ضلع کے مختلف علاقوں میں اوقافی جائیدادوں سے متعلق اُمور پر صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی سے ملاقات کی۔ مقامی مسلم نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں سنگاریڈی کے مختلف علاقوں میں اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی روک تھام اور جائیدادوں کے تحفظ پر غور کیا گیا۔ مقامی مسلمانوں نے سنگاریڈی کی مسجد دیندار خاں کے تحت موجود104 ایکر اراضی کے تحفظ اور اسے مقامی مسلمانوں کو رعایتی کرایہ پر لیز پر دینے کی درخواست کی۔ سنگاریڈی اور دیگر علاقوں میں قبرستان کیلئے اراضی الاٹ کرنے کی نمائندگی کی گئی۔ مقامی مسلمانوں نے عید گاہ کمیٹی کے تحت موجود اراضی پر فرش کی تعمیر اور دیگر ضروری کاموں کی تکمیل کیلئے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی۔ راجم پیٹ قبرستان کی حصار بندی کے علاوہ زیر تکمیل حج ہاوز کیلئے 3 کروڑ مختص کرنے کی درخواست کی۔ مسلم شادی خانوں کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرنے نمائندگی کی گئی۔ جگاریڈی نے صدرنشین وقف بورڈ کو بتایا کہ سنگاریڈی ضلع میں موجود وقف جائیدادوں اور اراضیات کے تحفظ پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے مسجد دیندار خاں کے تحت اراضی مقامی مسلمانوں کو لیز پر دینے کی خواہش کی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے کسی بھی جائیداد یا اراضی کے بارے میں این او سی کی اجرائی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف اراضیات کو مقررہ کرایہ پر لیز کیا جاسکتا ہے۔ زرعی اراضی تین سال، کمرشیل اراضی 10 سال اور تعلیم و صحت سے متعلق سرگرمیوں کیلئے 30 سال لیز کی گنجائش ہے۔ انہوں نے سنگاریڈی میں 30 کرایہ داروں کی موجودگی کا ذکر کیا اور کہا کہ کرایہ میں اضافہ کے بعد نیا کرایہ نامہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزید 45 پلاٹس کو لیز پر دینے کیلئے مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے درگاہوں اور عیدگاہ کے مینٹننس اور باؤنڈری وال کی تعمیر جیسے امور کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ میدک سے تعلق رکھنے والے وزیر دامودھر راج نرسمہا اور انچارج وزیر کونڈا سریکھا کے ہمراہ عنقریب دورہ کرتے ہوئے سنگاریڈی کی اوقافی جائیدادوں کا معائنہ کیا جائے گا۔1