سوشیل میڈیا پر شہرت کی خاطر خودکشی کا ڈرامہ ، نوجوان گرفتار

   

کاماریڈی۔ 13مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوشل میڈیا پر ویوز اور لائکس حاصل کرنے کی خاطر خودکشی کا ڈرامہ رچانے والے ایک نوجوان کے خلاف کاماریڈی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندر ا نے نوجوانوں کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا کی عارضی شہرت کیلئے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں۔تفصیلات کے مطابق روہت نامی نوجوان نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو پوسٹ کی جس میں اس نے خودکشی کرنے کا تاثر دیا۔ ویڈیو سامنے آتے ہی کاماریڈی ٹاؤن پولیس فوری حرکت میں آئی اور ہنگامی صورتحال سمجھتے ہوئے نوجوان کے گھر پہنچ کر تحقیقات کی۔ پوچھ گچھ کے دوران روہت نے اعتراف کیا کہ اس نے صرف سوشل میڈیا پر زیادہ ویوز اور لائکس حاصل کرنے کیلئے یہ ویڈیو بنائی تھی۔کاماریڈی ٹاؤن انسپکٹر نرہری کے مطابق اس حرکت کے باعث پولیس کو فوری کارروائی کرنی پڑی جس سے قیمتی وقت اور وسائل ضائع ہوئے۔ اس واقعہ کے بعد متعلقہ دفعات کے تحت نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ضلع ایس پی راجیش چندر نے کہا کہ چند لائکس اور ویوز کیلئے خودکشی جیسے حساس موضوعات پر ڈرامہ کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ ایس پی نے واضح کیا کہ پولیس کا وقت ضائع کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔