سکھوں کا جتھہ سری ننکانہ صاحب میں حاضری کیلئے پاکستان روانہ

   

امرتسر، 22 نومبر (یواین آئی) سری گرو نانک دیو جی کا پرکاش پرو منانے کیلئے شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی جانب سے سکھ عقیدتمندوں کا جتھہ اتوار کو سری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج کی قیادت میں پاکستان میں واقع گوردوارہ سری ننکانہ صاحب کیلئے روانہ ہوا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے اس بار 1822 یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ جتھے کے ساتھ شرومنی کمیٹی کی رکن بی بی پرمندر کور بطور جتھہ لیڈر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انتیرنگ کے رکن رویندر سنگھ خالصہ، رکن گرنام سنگھ جسل، بی بی گرندر کور بھولو والا اور جتھے کے منیجر لکھبیر سنگھ چیف-85 بھی روانہ ہوئے ۔اس موقع پر جتھے دار گڑگج نے کہا کہ ہر گرو نانک نام لیوا سکھ کی روزانہ کی ارداس میں سری ننکانہ صاحب سمیت ان تاریخی گوردھاموں کے کھلے درشن دیدار اور سیوا سنبھال کی خواہش شامل ہوتی ہے ، جن سے سکھ برادری تقسیم ہند کی وجہ سے بچھڑ گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدس مقامات کے تئیں سکھ سنگت کی گہری عقیدت اور محبت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں امن اور باہمی بھائی چارہ برقرار رہے اور سری کرتارپور صاحب کی راہداری جلد از جلد کھولی جائے ، یہی سکھ برادری کی ارداس ہے ۔ مشرقی اور مغربی پنجاب کا اشتراک پنجابی مادری زبان، ثقافت اور باہمی محبت سے جڑا ہوا ہے ۔جتھے دار نے ایس جی پی سی کے اجلاسِ عام میں منظور شدہ قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے حکومتوں سے اپیل کی کہ عقیدتمندوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان جانے والے جتھوں کی تعداد بڑھائی جائے۔
، اور موجودہ جتھوں میں بھی مزید یاتریوں کو ویزے دینے کا انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے سکھ عقیدتمندوں کے لیے موقع پر ویزا دینے کی سہولت شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ تاریخی گوردھاموں کے درشن کر سکیں۔ایس جی پی سی کے سکریٹری بلوندر سنگھ کاہلواں نے کہا کہ سری گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرو پر ان کی جائے پیدائش میں منعقدہ مذہبی تقریبات میں شرکت کرنا عقیدتمندوں کے لیے خوش نصیبی کی بات ہے ۔ انہوں نے حکومت سے ویزا کے عمل کو آسان بنانے کی اپیل کی، تاکہ زیادہ سے زیادہ سکھ اپنے مذہبی جذبات کی تکمیل کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ جتھہ گوردوارہ سری ننکانہ صاحب میں 24 نومبر کو منعقد ہونے والی پرکاش پرو کی تقریب میں شریک ہوگا۔ اس کے بعد عقیدت مند گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد، سری پنجہ صاحب حسن ابدال، گوردوارہ کرتارپور صاحب نارووال، گوردوارہ سری روڑی صاحب ایمن آباد اور گوردوارہ سری ڈیرہ صاحب لاہور سمیت دیگر تاریخی گوردواروں کے درشن کریں گے ۔ جتھہ یکم دسمبر کو ہندستان واپس لوٹے گا۔ جتھے کی روانگی کے موقع پر ایس جی پی سی کے او ایس ڈی ستبیر سنگھ، سکریٹری بلوندر سنگھ کاہلواں اور دیگر افسران و عقیدت مند موجود تھے ۔