خود کشی کرنے والے بچوں کے افراد خاندان قیادت کریں گے۔حکومت نے نوجوانوں اور طلباء سے دغا کی ۔ وعدوں کی عدم تکمیل کا الزام
نئی دہلی 24 اگسٹ ( ایجنسیز ) کاکروچ جنتا پارٹی نے آج اعلان کیا کہ وہ 5 ستمبر کو دہلی میں ایک پرامن مارچ کا اہتمام کرے گی ۔ یہ مارچ انڈیا گیٹ سے دہلی پولیس ہیڈکوارٹرس تک نکالا جائیگا ۔ سی جے پی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے 25 جولائی کو دئے گئے تیقنات کی تکمیل میں ناکامی کے خلاف یہ مارچ نکالا جائے گا ۔ ٹیم سی جے پی کے ایک اجلاس کے بعد بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس مارچ کی قیادت نیٹ امتحان پیپر لیک مسئلہ پر خودکشی کرنے والے طلباء کے افراد خاندان ‘ پولیس مظالم کا شکار افراد کریں گے ۔ یہ مظالم 20 جولائی کو سنسد چلو احتجاج کے دوران نوجوانوں اور طلباء پر ڈھائے گئے تھے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم انڈیا گیٹ سے دہلی پولیس ہیڈ کوارٹرس تک 5 ستمبر کو پرامن مارچ کا اعلان کرتے ہیں۔ اس کی قیادت نیٹ مہلوکین کے افراد خاندان اور پولیس مظالم کے شکار افراد کریں گے ۔ مارچ میں ملک بھر سے طلباء اور نوجوان شرکت کرینگے ۔ یہ اعلان اسے وقت کیا گیا جبکہ آج دن میں سی جے پی کی نیشنل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا ۔ اس میں حکومت سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا جائزہ لیا گیا ۔ حکومت نے تیقن دیا تھا کہ طلباء اور احتجاجیوں پر جو ایف آئی ار درج کئے گئے ہیں ان سے دستبرداری اختیار کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ نیٹ مہلوکین کے خاندانوں کیلئے معاوضہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ سی جے پی نے حکومت پر کھیل کھیلنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت تکنیکی امور کا حوالہ دیتے ہوئے بچنا چاہتی ہے اور وہ وعدوں پر عمل کی بجائے ان کی تکمیل سے گریز کر رہی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ایک مہینہ ہوچکا ہے ۔ جو کچھ بھی وعدے کئے گئے تھے ان پر عمل کرنے کی بجائے حکومت ٹامل مٹول کا کھیل کھیل رہی ہے ۔ حکومت تکنیکی امور کو وجہ بتا رہی ہے اور سپریم کورٹ میں راست تیقن دینے سے گریز کر رہی ہے ۔ کہا گیا کہ 18 اگسٹ کو سپریم کورٹ نے باربار مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ ملک بھر میں درج کئے گئے ایف آئی آر کی فہرست فراہم کرے تاکہ حکومت ان کو بیک وقت کالعدم کرنے پر غور کرسکے ۔ اس سے حکومت کا کام آسان ہوتا ۔ تاہم حکومت نے کوئی واضح تیقن دینے سے گریز کیا ۔ اس کے علاوہ حکومت نے سی جے پی کو بھی تاحال کوئی تحریری تیقن حوالے نہیں کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سی جے پی کے صبر کو اس کی کمزوری نہیں سمجھنا چاہئے ۔ ہماری نیک نیتی سے حکومت کو ہمیں دھوکہ دینے کا موقع نہیں سمجھنا چاہئے ۔ کہا گیا کہ اگر حکومت کی جانب سے نوجوانوں اور اپنے بچے کھونے والے خاندانوں کے ساتھ وشواس گھات کیا جاتا ہے تو سی جے پی سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائے گی ۔ بیان کے بموجب ایک حکومت ساری نسل کے اعتماد کو دھوکہ نہیں دے سکتی ۔ اعتماد کی بنیاد پر نوجوانوں کو گھروں کو بھیجا گیا تھا اور اپنے ہی الفاظ سے دستبرداری اختیار کی جا رہی ہے ۔ دھوکہ کی کوشش کو ہم قبول نہیں کریں گے ۔ سی جے پی نے نوجوان ہندوستانیوں ‘ طلباء ‘ طلباء تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ 5 ستمبر کو انڈیا گیٹ پہونچیں اور پرامن مارچ میں حصہ لیں ۔ حکومت سے کہا گیا کہ اگر نوجوانوں سے وعدوں کی کوئی اہمیت ہے تو حکومت کو چاہئے کہ ان وعدوں کو پورا کیا جائے ۔