شعیب ملک کے حقہ کا ویڈیو وائرل ، ثانیہ مرزا کی برہمی

,

   

نئی دہلی ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر شعیب ملک اور ان کی ہندوستانی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہمراہ ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہندوستان کے خلاف ورلڈکپ کے اہم مقابلہ سے قبل رات ایک ہوٹل میں حقہ پینے اور موج مستی کرنے کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوا ہے۔ پاکستانی کرکٹ شائقین کے بموجب اس ویڈیو میں ٹیم کے اوپنر امام الحق ، آل راونڈر عماد وسیم اور فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی دیکھے جاسکتے ہیں جوکہ مانچسٹر کے ونسلو روڈ کے ایک ہوٹل میں صبح 2 بجے حقہ پیتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں پر شدید تنقید اور برہمی کا اظہار کیا کیونکہ دوسرے دن ہندوستان کے ساتھ ٹیم کا ایک اہم ترین مقابلہ تھا اور پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں کبھی بھی ہندوستان کو شکست نہیں دی اور اس اہم مقابلہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کی موج مستی پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اس ویڈیو کے خلاف حیدرآبادی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا کہ جس کسی نے بھی اس ویڈیو کی فلمبندی کی ہے وہ یقینا قابل مذمت ہے کیونکہ ہماری اجازت کے بغیر ہماری نجی زندگی اور معاملات کو سوشل میڈیا پر شائع کیا گیا حالانکہ ہمارے ساتھ معصوم بچہ بھی تھا۔ ثانیہ مرزا نے اپنے ٹوئیٹ میں استفسار بھی کیا کہ مقابلہ میں شرکت سے قبل کیا رات کا کھانا بھی کھایا نہیں جانا چاہئے ؟ انہوں نے ویڈیو بنانے والے کو احمق قرار دینے کے علاوہ آئندہ بہتر کام کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ یاد رہے ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی شائقین اور سابق کھلاڑی شدید برہم ہیں اور کھلاڑیوں پر تنقید کررہے ہیں۔