شہر میں مردم شماری کا کام تیزی سے جاری

   

تعطیلات کے باوجود عملہ گھروں کی نشاندہی میں مصروف
حیدرآباد۔16۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) دونوں شہروںحیدرآبادو سکندرآباد میں مردم شماری کا کام تیزی سے جاری ہے اور تعطیلات کے باوجود محکمہ تعلیم اور محکمہ مال سے وابستہ عملہ جنہیں مردم شماری کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں وہ مکانات کی نشاندہی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جاری مردم شماری کے عمل میں شامل شمارکنندگان گرمی کی شدید لہر کے باوجود گھر گھر پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں جبکہ کئی مقامات پر مکانات کی نشاندہی کے سلسلہ میں شمار کنندگان کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے حالانکہ مردم شماری کے عمل کو تکنیکی بنیادوں پر سابق سے کافی زیادہ بہتر بنایا جاچکا ہے۔پرانے شہر کے علاقوں میں شمار کنندگان اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے صبح کی اولین ساعتوں میں یا شام کے اوقات کا انتخاب کر رہے ہیں تاکہ دوپہر کے دوران سخت دھوپ سے محفوظ رہا جاسکے لیکن اس کے باوجود کئی شمار کنندگان اپنے معینہ وقت پر ہی اس عمل کو مکمل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔تلنگانہ میں گرمی کی لہر کے دوران محکمہ موسمیات اور صحت کی جانب سے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جا رہے ہیں لیکن شمار کنندگان جنہیں مردم شماری کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے انہیں دوپہر کے اوقات میں بھی اپنے گھروں سے نکلنا پڑرہا ہے اسی لئے محکمہ صحت بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ مردم شماری کے عمل سے وابستہ شمار کنندگان کو موسم گرما کی خصوصی کٹ فراہم کرے تاکہ دھوپ کی شدت کے دوران اگر لو لگنے کا شائبہ ہوتو ایسی صورت میں شمار کنندگان فوری طور پر خود ہی ابتدائی طبی امداد لے سکے ۔ علاوہ ازیں شہریوں کوبھی چاہئے کہ وہ شمار کنندگان کے ساتھ بہتر برتاؤ کو یقینی بنائیں۔3