لکھنو ٔ۔4؍اکتوبر ( ایجنسیز )اتر پردیش کے سلطان پور میں اتوار کی صبح پوروانچل ایکسپریس وے پر ایک دردناک سڑک حادثے میں چار افراد کی جان چلی گئی۔ حادثہ ایودھیا۔سلطان پور سرحد کے قریب ہلیاپور تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ چنڈی گڑھ میں تعینات فوج کے صوبیدار میجر ستیہ وان کا جسد خاکی لیجانے والی ایمبولینس تیز رفتاری کے دوران سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک سے جا ٹکراگئی۔ معلومات کے مطابق، دیوریا کے رہنے والے صوبیدار میجر ستیہ وان چند روز قبل پنچکولا میں شہید ہو گئے تھے۔ آخری رسومات کیلئے ان کی نعشاہل خانہ ایمبولینس کے ذریعے پنچکولا سے دیوریا لے جا رہے تھے۔حادثے میں ایمبولینس ڈرائیور جسپال کے علاوہ بھوپتی کے بیٹے راجن سنگھ، ستیہ بھان کے بیٹے گورو سنگھ اور جے سنگھ کے بیٹے رام سمجھ کی موت ہو گئی۔ حادثے کی اصل وجہ ابھی پوری طرح واضح نہیں ہے۔جس سفر کا مقصد شہید کو آخری وداع دینا تھا اسی دوران ایمبولینس میں سوار چار افراد کی زندگی ختم ہو گئی۔ پوروانچل ایکسپریس وے پر پیش آنے والا یہ حادثہ خاندان کے لیے دوہرا سانحہ بن گیا۔