عوامی شعور کی بیداری کے بغیر جمہوریت کی بقاء ناممکن

   

سابق سفیر ونود کمار اور محمد ریاض چیرمین اسٹیٹ لائبریریز کا خطاب
حیدرآباد۔ 22؍نومبر(راست) ہندوستان کے سابق سفیر برائے ازبکستان، سویت یونین، آسٹریلیا، فجی اور چار فیسفک آئی لینڈ نیشن ڈاکٹر بی وی ونودکمار نے طلبہ برادری کو مشورہ دیا کہ وہ خود مختار آزاد رہیں اور سماج کے مظلوم طبقات کی مدد کریں۔ اس سے نہ صرف سماج میں ان کی اہمیت میں اضافہ ہوگا بلکہ انہیں قلبی طمانیت بھی حاصل ہوگی۔ ڈاکٹر بی وی ونود کمار 22؍نومبر کو سیول سرویسس، لاسیٹ اکیڈیمی کی چھٹی سالانہ اور جسٹس ہدایت اللہ فیلوشپ اسکالرشپ کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے جو میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ بانی اکیڈیمی جناب محمد سعیدالدین انجینئر نے صدارت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ریاض چیرمین اسٹیٹ لائبریریز اعزازی مہمان تھے۔ جناب محمد اسداللہ شریف سیول جج اینڈ جوڈیشیل مجسٹریٹ نے خصوصی مدعو کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ چیرمین یلڈرس اسسٹنٹس گروپ بنگلور جناب محمد اسلم، جناب سید انیس الدین چیرمین سہائتا ٹرسٹ و چیلنجر سیول سرویسس اکیڈیمی کے علاوہ عبدالکریم عرفان (کویت)، عبدالقدیر صدر سی ایس اے، اعجاز احمد، مشتاق صدیقی ایڈوکیٹ (اے پی سی آر) شہ نشین پر موجود تھے۔ جناب محمد بشیراحمد ڈائرکٹر آپریشن سیول سرویسس لاء سیٹ اکیڈیمی نے خیرمقدم کیا اور اکیڈیمی کی کاکردگی سے واقف کروایا۔ڈاکٹر بی وی ونود کمار نے کہا کہ کسی بھی پیشہ میں کامیابی کے لئے تعلیمی قابلیت، ذہانت، عصری وسائل کا استعمال جتنا ضروری ہے‘ اتنا ہی ضروری فٹنس بھی ہے۔ وہ خود ہر روز دس کلومیٹر چہل قدمی کرتے ہیں۔ جناب اسداللہ شریف نے سیول سرویسس اور لاء سیٹ اکیڈیمی کی کارکردگی و خدمات کی ستائش کرتے ہوئے لاء گریجویٹس کو سخت محنت کی تلقین کی۔ جناب مشتاق صدیقی نے بتایا کہ اے پی سی آر کی جانب سے جسٹس ہدایت اللہ فیلوشپ کے تحت دس امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا اور انہیں مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ عوام کے شعور کی بیداری کے بغیر جمہوریت کی بقاء ممکن نہیں۔ انہوں نے تلقین کی کہ نوجوان نسل ایسے پیشے اختیار کریں جو فیصلہ ساز ہو۔ جناب عبدالکریم عرفان (کویت)، جناب عبدالقدیر صدر اکیڈیمی، جناب سعیدالدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی۔