فلاحی اسکیمات کی شعوربیداری میں کردار ادا کرنے والے سوشل میڈیا کارکنوں میں توصیفی اسناد کی تقسیم

   

نظام آباد۔23 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت کی جانب سے مختلف طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے نافذ کی جانے والی عوامی فلاحی اسکیمات کو مستحقین تک پہنچانے میں سوشل میڈیا کے ذریعہ مؤثر کردار ادا کرنے والے سوشل میڈیا انفلوئنسرس کو ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تہنیت پیش کرتے ہوئے توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ انٹیگریٹڈ ڈسٹرکٹ کلکٹر آفسس کامپلکس نظام آباد کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ’’پرجا پالنا پرگتی پرنالیکا‘‘ ضلعی سطحی پروگرام کے دوران منعقد ہوئی۔اس موقع پر حکومت کے مشیر پوچارام سرینواس ریڈی، ارکان اسمبلی ڈاکٹر بھوپتی ریڈی اور دھنپال سوریہ نارائنا گپتا، صدر نشین اردو اکیڈمی مسٹر طاہر بن حمدان ،میئر اُومارانی، ضلع کلکٹر ایلا تر پاٹھی کے علاوہ دیگر معززین نے سوشل میڈیا کارکنوں میں توصیفی اسناد تقسیم کیں۔ مقررین نے کہا کہ عوامی فلاحی اسکیمات، ترقیاتی پروگراموں اور روڈ سیفٹی اقدامات کے بارے میں شعور بیدار کرنے میں سوشل میڈیا انفلوئنسرس نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔کلکٹر ایلا تریپاٹھی نے کہا کہ ’’پرجا پالنا پرگتی پرنالیکا‘‘ پروگراموں میں سرگرم حصہ لیتے ہوئے عوام تک حکومتی پیغامات مؤثر انداز میں پہنچانے والوں کی حوصلہ افزائی کے طور پر انہیں تہنیت پیش کی گئی جن میں قابل ذکرسوشل میڈیا انفلوئنسرس وجرنلسٹس محمد خالد خان، محمد امیر الدین ،شیخ عمران کے علاوہ دیگر کو بھی اسناداد تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب میں مختلف محکموں کے عہدیداران اور عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔