کے سی آر نے فارم ہاؤز میں اہم پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کیا، کے ٹی آر ۔ ہریش راؤ کی شرکت
حیدرآباد ۔ 8 اپریل ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ کنٹونمنٹ کے ضمنی انتخابات کیلئے لاسیا نیویدیتا کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے نام کو قطعیت دے دی ہے ۔ حالیہ ایک سڑک حادثہ میں اسمبلی حلقہ سکندرآباد کنونمنٹ کی نمائندگی کرنے والی رکن اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب لازمی ہوگیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے ساتھ اسمبلی حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ کا ضمنی انتخاب منعقد کیا جارہا ہے جس کے پیش نظر بی آر ایس پارٹی نے لاسیانندیتا کی بہن لاسیا نیویدیتا کو ضمنی انتخاب میں پارٹی کی امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اتوار کو اپنے فارم ہاؤز میں بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے پارٹی کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا جس میں ضمنی انتخاب کیلئے امیدوار کے انتخاب کے تعلق سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے ۔ اس اجلاس میں بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ سابق وزیر ہریش راؤ رکن اسمبلی ایم راج شیکھر ریڈی حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کے بی آر ایس امیدوار لکشما ریڈی آنجہانی رکن اسمبلی لاسیانندیتا کے ارکان خاندان نے شرکت کی ۔دوسری جانب کے سی آر حلقہ لوک سبھا ورنگل کے امیدوار کا اعلان کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ اس حلقہ سے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری کی دختر کڈیم کاویا کو بی آر ایس پارٹی نے پہلے امیدوار بنایا تھا ۔ تاہم وہ حال ہی میں بی آر ایس سے مستعفیٰ ہوکر کانگریس میں شامل ہوگئی ہیں ۔ اس لئے امیدوار کا دوبارہ انتخاب کرنے کیلئے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے ضلع ورنگل کے پارٹی قائدین سے مشاورت شروع کی ہے ۔ آج کل میں اس کا بھی اعلان ہوجانے کی امید کی جارہی ہے ۔2