لوکی کے کوفتے

   

اجزا : لوکی ایک کلو، چنے کی دال آدھی پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، لہسن دو سے تین جوئے، ادرک لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، پیاز تین عدد درمیانی، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، ثابت لال مرچیں چھ سے آٹھ عدد، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، دہی آدھی پیالی، ہری مرچیں باریک کٹی ہوئی دو سے تین عدد، پودینہ باریک کٹا ہوا دو سے تین کھانے کے چمچ، ڈبل روٹی کے سلائس دو عدد، کوکنگ آئل تلنے کیلئے
ترکیب : دال کو آدھا گھنٹہ بھگو کر اُبالنے رکھیں اور اس میں ادرک لہسن، لال مرچیں، زیرہ اور ایک پیاز ڈال کر دال کو گلا لیں اور ٹھنڈا کر کے پیس لیں۔کش کی ہوئی لوکی کو کھلے فرائنگ پین میں پکا کر اس کا اپنا پانی خشک کر لیں۔لوکی کو ٹھنڈا کر کے پسی ہوئی دال میں نمک، ہری مرچیں ،پودینہ اور ڈبل روٹی کے چورا کئے ہوئے سلائس کے ساتھ ملا لیں۔اس مکسچر سے چھوٹے چھوٹے گول کوفتے بنا کر فریج میں رکھ دیں۔پھر فرائنگ پین میں کوکنگ آئل میں ان کوفتوں کو سنہری فرائی کر لیں۔دو باریک کٹی ہوئی پیاز کو کوکنگ آئل میں سنہری فرائی کریں اور اس میں پسا ادرک لہسن، نمک، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، پسا ہوا دھنیا اور دو ٹماٹر ڈال کر ملائیں۔ڈھک کر ہلکی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ ٹماٹر گل جائے۔اچھی طرح بھون کر اس میں احتیاط سے کوفتے ڈالیں اور پھینٹی ہوئی دہی ڈال کر دم پر رکھ دیں، جب تیل علیحدہ ہو جائے تو چولہے سے اُتار لیں۔ڈش میں نکال کر باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں اور ہرا دھنیا چھڑک دیں اور گرم گرم چپاتی کے ساتھ سرو کریں۔