اپوزیشن پر عوام کو مشتعل کرنے کا الزام، متاثرہ خاندانوں کا حکومت تحفظ کرے گی
حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ اور حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ بعض اپوزیشن قائدین سوشیل میڈیا میں حیڈرا کے بارے میں گمراہ کن پروپگنڈہ کررہے ہیں اور عوام کو اس کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ سرکاری اراضیات اور تالابوں کے تحفظ کیلئے حیڈرا کا قیام عمل میں آیا ہے۔ حیڈرا کے بارے میں اپوزیشن گمراہ کن پروپگنڈہ کے ذریعہ عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام کے مفاد میں حیڈرا کا قیام عمل میں لایا ہے۔ سابق میں بھاری بارش کی صورت میں حیدرآباد میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے اور عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عوام کی بھلائی اور سرکاری اراضیات کے تحفظ کے بہتر مقصد کے تحت کانگریس حکومت نے حیڈرا کا قیام عمل میں لایا لیکن اپوزیشن قائدین عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حیڈرا کے بارے میں سوشیل میڈیا پر جاری مہم گمراہ کن ہے اور اس کا مقصد غریب عوام کو حکومت کے خلاف کھڑا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے حیدرآباد دل کی حیثیت رکھتا ہے اور حیدرآباد میں عوام کو کئی مسائل درپیش ہیں۔ بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ آزادی کے بعد کرشنا اور گوداوری کا پانی حیدرآباد شہر کو سربراہ کرنے کا سہرا کانگریس کے سر جاتا ہے۔ کانگریس کے دس سالہ دور حکومت میں بارش کے دوران عوام کو کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں جھیلوں اور تالابوں پر ناجائز قبضوں کے نتیجہ میں بارش کا پانی مکانات میں داخل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں کے تحفظ کے علاوہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے اور حیدرآباد کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موسیٰ ندی کے کنارے بسنے والے خاندانوں کا جبراً تخلیہ کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ اپوزیشن قائدین جبری تخلیہ کا الزام عائد کرتے ہوئے عوام کو مشتعل کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کے متاثرہ خاندانوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کئے جائیں گے۔ سیلف ایمپلائمنٹ کے تحت خاندانوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موسیٰ ندی کے متاثرین کے نام پر ہریش راؤ سیاست کررہے ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت موسیٰ ندی کو اہم سیاحتی مرکز میں تبدیل کرے گی۔ انہوں نے ہریش راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو مشتعل کرنے کے بجائے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ متبادل مکان میں منتقلی کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں حیڈرا کی خدمات کو توسیع دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔1