میتھالی 7 ہزار ونڈے رنزبنانے والی پہلی خاتون

   

لکھنؤ : ہندوستانی ونڈے کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج نے 7 ہزار رنز مکمل کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ ہندوستانی کپتان نے 213 ویں مقابلہ میں 7 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا ہے جیسا کہ انہوں نے جنوبی آفریقہ کیخلاف یہاں پانچ مقابلوں کی رواں سیریز کے چوتھے ونڈے میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔ اس کارنامہ کے بعد بی سی سی آئی کی جانب سے مبارکبادی کا ٹویٹ کیا گیا اور کہا گیا کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان 7 ہزار رنز مکمل کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں ۔ 38 سالہ میتھالی جنہوں نے 1999 ء میں اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور وہ 6 ہزار رنز مکمل کرنے والی بھی پہلی کھلاڑی بنی تھیں ۔ انگلینڈ کی سابق کپتان چارلوٹ ایڈورٹس جنہوں نے 2016 ء میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کی ہے وہ اس فہرست میں دوسرے مقام پر ہے جن کے نام 5992 رنز درج ہیں ۔ جنوبی آفریقہ کے خلاف چوتھے مقابلہ میں میتھالی راج نے 71 گیندوں میں 45 رنز اسکور کئے اور اس 38 ویں اوور میں انہیں ٹومی نے آؤٹ کیا ۔ علاوہ ازیں جمعہ کو کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ونڈے میں میتھالی راج نے بین الاقوامی کرکٹ کے 10 ہزار رنز مکمل کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔