بھٹی وکرمارکا کی مرکزی وزیر کشن ریڈی سے ملاقات، تلنگانہ کے زیر التواء پراجکٹ میں تعاون کی خواہش
حیدرآباد ۔20۔جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے مختلف پراجکٹس کیلئے مرکز سے مناسب فنڈس کی اجرائی میں تعاون کی خواہش کی۔ بھٹی وکرمارکا نے کشن ریڈی کو مرکز میں زیر التواء پراجکٹس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کئی پراجکٹس مرکز کی منظوری کے منتظر ہیں اور کشن ریڈی کو منظوری کے حصول میں تعاون کرنا چاہئے۔ بھٹی وکرمارکا نے اڈیشہ میں منعقدہ ریاستوں کے وزرائے کانکنی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی وزیر کانکنی کو تلنگانہ کے پراجکٹس سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل رنگ روڈ کو 2016 میں مرکزی حکومت نے منظوری دی تھی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جولائی 2022 میں 350 کیلو میٹر ریجنل رنگ روڈ کی تجویز پیش کی اور پراجکٹ کا تخمینہ 34367 کروڑ طئے کیا گیا۔ پراجکٹ کے لئے اراضی کے حصول پر تلنگانہ حکومت 50 فیصد رقم خرچ کرنے کیلئے تیار ہے۔ مرکزی حکومت نے ابھی تک فنڈس کی منظوری نہیں دی ہے۔ حیدرآباد میٹرو راہداری پر 10 نئے ریڈئیل روڈس کی تعمیر کا منصوبہ ہے جس پر 45 ہزار کروڑ کا خرچ آئے گا۔ میٹرو ریل پراجکٹ مرحلہ دوم کے تحت 76.4 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا جس پر 24269 کا خرچ آئے گا۔ موسی ریور ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے تحت پہلے مرحلہ میں باپو گھاٹ کے قریب ترقیاتی کاموں کیلئے 14100 کروڑ کا تخمینہ ہے۔ گوداوری کا پانی پانچ ٹی ایم سی موسیٰ ندی میں منتقل کرنے کیلئے 7440 کروڑ کا پراجکٹ تیار کیا گیا ہے۔ ورنگل میں انڈر گراؤنڈ ڈرینج کیلئے 4170 کروڑ کا تخمینہ تیار کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بندر پورٹ سے حیدرآباد ڈرائی پورٹ تک گرین فیلڈ ہائی وے اور سنگارینی کالریز کے نئے بلاکس کے کاموں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کشن ریڈی سے اپیل کی کہ تلنگانہ پراجکٹس کیلئے مرکزی فنڈس کے حصول میں تعاون کریں۔ مرکزی حکومت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے تلنگانہ میں پراجکٹس کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔1